ریاست اور سیاست

تحریک انصاف کی بیساکھیاں ہٹ جائیں گی تو حال بلوچستان حکومت جیسا ہوگا۔ سراج الحق

(رضا ہاشمی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بیساکھیاں ہٹ جائیں تو انجام بلوچستان کی صوبائی حکومت جیسا ہو گا وہ لاہور میں 31 اکتوبر کو اسلام اباد میں ہونے والے بیروزگار نوجوانوں کے مارچ کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مصنوعی آکسیجن پر چل پر رہی ہے اور حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں ملک کے ہر شعبے کو بربادکر دیا ہے ۔ سراج الحق کا گڈ گورننس اور اداروں کی کارکردگی سے متعلق کہنا تھا کہ ادارے کمزور اور بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی معاہدات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے تابع کر دیا ہے۔ ڈالر کی پرواز اور روپیہ کی تنزلی کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوا تین سالوں میں اربوں ڈالرز کا قرضہ غریب قوم پر لاد دیا گیا۔

وزیر اعظم کی عہد شکنی یاد دلاتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کشکول توڑنے کے دعوے دھرے رہ گئے، مہنگائی غربت اور بے روزگاری پر جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان برپا ہے۔ حکمرانوں کو 22کروڑ عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔

جماعت اسلامی کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انکی جماعت ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں 31 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے زیر اہتمام طے پانے والے بیروزگار نوجوان مارچ کے حوالے سے سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی مارچ ہو گا ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button