تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال،اشیائے ضروریہ 133 فیصد تک مہنگی

(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی حکومت کو تین سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے اور ہر آنے والے دن کمر توڑ مہنگائی میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ گزشتہ تین سال کے دوران حکومت عوام کے صبر کا ہر روز امتحان لے رہی ہے ۔ عوامی آرا کو ایک طرف رکھ کر اگر سرکاری اعداد و شمار ہی کی بات کی جائے تو گزشتہ تین سال میں مہنگائی نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
ان تین برسوں کے دوران ضرورت کی اشیاء 133 فی صد تک مہنگی ہوئیں،
ادارہ شماریات کے مطابق 25 اکتوبر دو ہزار اٹھارہ سے 21 اکتوبر دو ہزار اکیس تک گھی کی ایک کلو قیمت میں 133 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں چینی کی قیمت 84 فیصد بڑھی، آلو 64 فیصد، ٹماٹر 63 فیصد جبکہ دال ماش 73 فیصد مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق تین سال کے دوران زندہ مرغی کی قیمت میں 59 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح بیس کلو آٹے کا تھیلا 52 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پٹرول کی قیمت تقریبا اڑتالیس فیصد بڑھی، فی لیٹر دودھ کی قیمت میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔