سودی معیشت سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سراج الحق

( رضا ہاشمی) بڑھتی مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری پر جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق نے تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم کو خؤب آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق جامعہ تفہیم القرآن میں خواتین یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تین وزرائے خزانہ لگائے سب فیل ہوگئے۔ سودی معیشت سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ غریب عوام مہنگائی وبے روزگاری کی آگ میں جل رہی ہے۔اشیا ضروریہ لوگوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ہر وعدے اور اعلان پر یوٹرن لیا۔
حکومت نے سوا تین سال میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے الزام لگایا کہ حکمران مغرب کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔معیشت کی تباہی کے بعد ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہورہے ہیں۔

تقریب میں موجود خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے راہ ہموار کریں۔ دین رحمت خواتین کے تحفظ کا ضامن ہے۔
ہماری دنیاوی و اخروی نجات اسوہ رسولؐ پر پیروی میں ہے۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے استصواب رائے کے بعد آئندہ تین سال کےلیے امرائے صوبہ کا تقرر کر دیا ہے pic.twitter.com/aeyHOCVSEn
— Jamaat-e-Islami (@JIPOfficial) October 23, 2021
اس سے قبل امیر جماعت اسلامی نے آج استصواب رائے کے بعد آئندہ تین سال کےلیے امرائے صوبہ کا تقرر کیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد امیر صوبہ خیبر پختونخواہ،محمد حسین محنتی امیر صوبہ سندھ ، مولانا عبدالحق ہاشمی امیر صوبہ بلوچستان ،ڈاکٹر طارق سلیم امیر صوبہ شمالی پنجاب، محمد جاوید قصوری امیر صوبہ وسطی پنجاب اور راو محمد ظفر کو امیر صوبہ جنوبی پنجاب مقرر کیا گیا ہےامرائے صؤبہ کو انکے اختیارات یکم نومبر سے تفویض لئے جائیں گے اور وہ 31 اکتوبر 2024 تک اپنے عہدوں پر کام جاری رکھ سکیں گے۔