صارف اور خریدار
موسم سرما کی سوغات انڈوں کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ مرغی کا گوشت بھی پہنچ سے باہر

(مائرہ ارجمند) موسم سرما کی آمد کے ساتھ انڈوں کی کھپت میں اضافہ ہو جاتا ہے لیکن جس طرح ایک ایک ڈگری کر کے درجہ حرارت نیچے جا رہا ہے ویسے ہی ایک ایک روپیہ کر کے فی درجن انڈوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آج ایک روپیہ فی درجن اضافے کے ساتھ فارمی مرغی کے انڈے 171 روپے کے درجن ہو چکے ہیں۔
مرغی کا گوشت بھی بدستور مہنگا اور عام شہری کی پہنچ سے باہر ہے۔ موسم سرما میں ڈاکٹرز اور غذائی ماہر سردی کی وجہ سے ہونے والی عام بیماریوں میں پروٹین کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں لیکن عام شہری اب صرف مرغی اور انڈے کو دور سے دیکھ سکتا ہے ۔ شہر میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 340 روپے ہے اور زندہ فارمی مرغی کی فی کلو قیمت 234 روپے جبکہ تھوک ریٹ میں فی کلو قیمت 226 روپے فی کلو ہے۔