ریاست اور سیاست

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال کا عندیہ

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کی زیر صدارت بنی گالہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کو بزور طاقت اسلام آباد کی طرف چڑھائی کرنے سے روکا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی مذہبی امور نورالحق قادری، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور چیف سیکریٹری پنجاب بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، کالعدم تنظیم کے مطالبات اور حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اس کے علاوہ وزیراعظم کو تاجروں کے احتجاج سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان سمیت سیکورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ٹی ایل پی کو کسی قسم کی رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں طے پایا کہ کالعدم ٹی ایل پی اپنی پوزیشن چھوڑ کر احتجاج ختم کرے گی تو ہی اس سے مذاکرات کئے جائیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید ٹی ایل پی کو راستہ کلیئر کرنے اور احتجاج ختم کرنے کے لئے کہیں گے۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکن حکومت سے کئے گئے معاہدے کے تحت اس وقت مریدکے میں موجود ہیں، حکومت نے طے پائے گئے معاملات پر بدھ تک عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی تھی، دوسری جانب تاجروں نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button