پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

( اسد شہسوار ) شمالی وزیرستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 15 گئی۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں 17 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس پایا گیا، نیا کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 15 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 22 اگست سے ملک بھر میں پولیو مہم جاری ہے، تاہم مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، پولیو ورکرز مشکل حالات کے باوجود گھر گھر جا کر بچوں کی ویکسینیشن کر رہے ہیں۔
وزارت صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
واضح رہے کہ اب تک رپورٹ ہونے تقریباً تمام پولیو کیسز خیبرپختونخوا سے ہیں۔
خیال رہے کہ 1994 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا پروگرام ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مصروفِ عمل ہے۔
اس وقت ملک بھر میں 339,521 پولیو ورکرز پولیو کے خاتمے کے ان اقدامات میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کو دنیا کے سب سے بڑے نگرانی کے نظام کی خدمات حاصل ہیں۔
اس کے علاوہ اس پروگرام کو معلومات کے حصول اور تجزیے کا معیاری نیٹ ورک، جدید ترین لیبارٹریز، وبائی امراض کے بہترین ماہرین اور پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں پبلک ہیلتھ کے نمایاں ماہرین کی خدمات بھی حاصل ہیں۔