ہجوم کے ہاتھوں ایک اور قتل، گوجرانوالہ میں چوری کے الزام میں نوجوان قتل

( جہانزیب احمد خان ) پنجاب کے شہر گوجرانوالا میں ہجوم کے ہاتھون نہتے شہری کے قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے ، جس میں شہریوں نے مقدمہ اور تفتیش کے بغیر اپنی ہی عدالت لگالی۔ چوری کا الزام ثابت ہونے سے پہلے ہی نوجوان کو تشدد کرکے مار ڈالا۔
پولیس کے مطابق لوہیانوالہ بائی پاس کے قریب شہریوں نے موٹر سائیکل کے قریب کھڑے نوجوان کو چور سمجھ کر پکڑا اور اسے رسیوں سے باندھ کر تشدد کیا۔
پولیس نے نوجوان کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا، جہاں متاثرہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
پولیس نے تشدد میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، غفلت برتنے پر اے ایس آئی سمیت 3 پولیس اہل کاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نوجوان کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔