پاکستان کی شکست پر بابر اعظم کا ردعمل

( سفیان سعید خان ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت سے شکست کی وجہ بتادی۔
انہوں نے کہا بیٹنگ میں ہم نے 10 سے 15 رنز کم بنانئے، فاسٹ باولرز نے میچ کو دلچسپ بنایا، میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوئی۔
میچ کی اختتامی تقریب کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نسیم شاہ نے جس جوش کے ساتھ باؤلنگ کی وہ شاندار تھی۔
انہوں نے کہا کہ آخری اوور میں 15رنز بھی بچتے تو نتیجہ مختلف ہوتا لیکن ہارڈیک پانڈیا نے میچ اچھا فنش کیا۔
بابراعظم نے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دھانی، نسیم شاہ اور دوسروں نے زبردست بولنگ کی، خاص کر نوجوان بولر نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کی۔
بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا ہارڈیک پانڈیا بھرپور فارم میں ہے، ہمیں اپنے تمام کھلاڑیوں پر مکمل بھرسہ ہے۔
میچ میں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ہارڈیک پانڈیا کو دیا گیا جنہوں نے 17 گیندوں پر 33 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے 148 رنز کے تعاقب میں بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.4 اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔
بھارت کو آخری اوور میں 7 رنز درکار تھے تاہم پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے جدیجا کو آوٹ کردیا جس کے بعد دنیش کارتھک بیٹنگ کیلئے آئے، آخری اوور کی چوتھی گیند پر ہارڈیک پانڈیا نے چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
میچ میں پاکستانی باولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، نسیم شاہ کے پہلے اوور میں دوسری ہی گیند پر کے ایل راہول بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے، محمد نواز نے تین اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم روایتی حریف کو بڑا ٹارگٹ دینے میں ناکام رہی اور اسکے تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے، پاکستان کی پوری ٹیم 19.5 اوور میں 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آخری اوور میں شاہنواز دھانی نے 6 گیندوں پر 16 رنز بناکر پاکستان کا اسکور 147 پر پہنچایا، وہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ارشدیپ سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
بھونیشور کمار کے 19 ویں اوور میں شاداب خان اور نسیم شاہ یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے، دونوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، شاداب خان نے 9 گیندیں کھیل کر 10 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 17 ویں اوور میں گری جب محمد نواز ایک رن بناکر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے، چھٹی وکٹ 17 ویں اوور میں گری جب آصف علی 9 رنز بناکر بھنیشور کمار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 14 ویں اوور میں 97 کے مجموعی اسکور پر گری جب خوشدل شاہ 2 رنز بناکر ہارڈیک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اسی اوور میں 96 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 43 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 87 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب فتخار احمد 28 رنز بناکر ہارڈیک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے، دوسری وکٹ 42 کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان 10 رنز بناکر وکٹ کے پیچھے اویش خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا، 15 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9 گیندوں پر 10 رنز بناکر بھونیشور کمار کی گیند پر کیچ آؤٔٹ ہوگئے۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کی ہے، دبئی اسڈیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے اور شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔
سیلاب سے پاکستان میں تباہی کی وجہ سے قومی کرکٹ ٹیم بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیل رہی ہے، میچ شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے قومی ترانے پڑھے گئے۔
پاکستان اور بھارت آخری بار گزشتہ برس متحدہ عرب امارات ہی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں مدمقابل آئے تھے، جس میں شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو 10 وکٹوں سے دھول چٹوائی تھی۔