شاپنگ بیک کے بدلے سستا پیٹرول سکیم، شہریوں کیلئے تحفہ

(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست راجستھان میں پیٹرول پمپ مالک نے پلاسٹک کی تھیلیاں جمع کرنے کے عوض سستا پٹرول دینے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اشوک کمار نامی پیٹرول پمپ کے مالک نے یہ پیشکش پلاسٹک شاپر کے استعمال کے باعث بڑھتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہری استعمال شدہ تھیلیاں جمع کروا کر 1 روپے سستا پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں، قدرتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اس طرح کی مہم ناگزیر ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک نے 15 جولائی سے 3 ماہ کے لیے اس مہم کا آغاز کیا تھا، اس کے لیے انہوں نے ایک ڈیری برانڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا تھا۔
اب تک پمپ پر شہری 700 سے زائد پلاسٹک کی تھیلیاں جمع کروا کر سستا پیٹرول حاصل کر چکے ہیں۔
مذکورہ پمپ پر پلاسٹک کی بوتلوں کے بدلے میں بھی سستا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک کا کہنا ہے کہ ابھی لوگوں میں معلومات کی کمی کے باعث اچھا فیڈبیک نہیں مل رہا، اس لیے ممکنہ طور پر اس مہم کو مزید 6 ماہ جاری رکھیں گے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جو خواتین میں ایک بیماری پیدا کرتا ہے جس سے ان کے ہاں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگتے ہیں، اور قبل از وقت پیدائش بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
اس کے علاوہ ایسے بچے ذہنی و جسمانی معذوری کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔“ یہ تحقیق ٹیکساس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ حاملہ خواتین پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا جتنا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان کے ہاں بچے کے قبل از وقت پیدا ہونے کے امکانات بھی اتنے ہی زیادہ ہو جاتے ہیں۔
اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے بچے کی پیدائش کے لیے ہسپتال آئی خواتین کے خون کے ٹیسٹ کیے اور اس میں پلاسٹک کے کیمیکل کی مقدار اور اس کے بچے پر اثرات کا معائنہ کیا۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر رام کمار مینن (Ram Kumar Menon) کا کہنا تھا کہ ”پلاسٹک کے لفافے کھانے پینے کی اشیاءکی پیکنگ میں بکثرت استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین میں قبل از وقت بچے پیدا ہونے کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
اس وقت کسی نہ کسی حد تک سبھی خواتین قبل از وقت بچے پیدا کر رہی ہیں لیکن حمل کا وقت مکمل ہونے سے قبل بچے کا پیدا ہونا بہت خطرناک ہوتا ہے۔“ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اس وقت امریکہ میں پیدا ہونے والے ہر 10میں سے 1بچہ قبل از وقت پیدا ہو رہا ہے۔
برطانیہ میں قبل از وقت پیدائش ہونے کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات 7فیصد تک ہو چکی ہے۔