حلقہ این اے 245 میں ووٹو کی گنتی کا عمل جاری

( شیتل ملک ) حلقہ این اے 245 میں ووٹو کی گنتی کا عمل جاری ہے
شہر قائد کے حلقہ این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اب تک 40 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج آچکے ہیں۔
پولنگ سٹیشنز سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 40 پولنگ سٹیشنزکے موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔ تحریک انصاف کے امیدوار محمود مولوی 3837 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کےمعید انور نے 1246 ووٹ لیے اور وہ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ ٹی ایل پی کےاحمد رضا 779 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 245کےضمنی انتخاب میں 15امیدوار مدمقابل ہیں،پولیس نے پولنگ سٹیشن نمبر 129خداداد کالونی میں میڈیا کو کوریج سے روک دیا ہے ،سب انسپکٹر نذیر احمد کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ہمارے پاس میڈیا کو کوریج کی اجازت دینے کا کوئی لیٹر نہیں ہے۔
پولنگ سٹیشن نمبر 88، 89، 125 اور 130 خدادا دکالونی میں ووٹنگ دیر سے شروع ہو سکی،پریزائیڈنگ افسران کے مطابق پولنگ ایجنٹس کے نہ آنے کی وجہ سے ان پولنگ سٹیشنز میں پولنگ دیر سے ہوئی ،پولنگ سٹیشن نمبر 125 اور 130 کے پریزائیڈنگ افسرکا کہنا ہے کہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کا انتظار تھا ، ان کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل ہونا تھے۔
دوسری جانب پولنگ سٹیشن نمبر 88 اور 89 کے پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے پولیس کی موجودگی میں بیلٹ باکسز سِیل کر دیے گئے،این اے 245کے کُل 263 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 201 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے،جہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں ،پولیس کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز بھی تعینات ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کی یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی،حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے،پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں ،اس حلقے میں ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔