سی ٹی ڈی کا پنجاب بھر میں گرینڈ آپریشن 9 دہشت گرد گرفتار

( جہانزیب احمد خان ) پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر پنجاب بھر میں کارروائی کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی ، غازی فورس، داعش اور لشکر جھنگوی سے ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ، خود کش جیکٹس برآمد کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کارروائیاں گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ملتان، راولپنڈی میں کی گئی ہیں، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں میں یعقوب، عبدالصمد، بلال، عارف، امین ، فاروق اور آصف شامل ہیں اور ان میں سے 2 کا تعلق لاہور سے ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جن سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب بھر میں سیکیورٹی اداروں نے 22 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ اس دوران 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
ایک ہفتے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 386 کامبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ اس دوران 15,242 افراد کے کوائف بھی چیک کیے گئے۔ کامبنگ آپریشن کے دوران 35 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق عوام کسی بھی مشکوک سامان یا شخص کو دیکھے تو اس ٹول فری نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اطلاع دینے والے شہری کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ 0800-11111