افسر اور دفترتازہ ترینتھانہ کچہریریاست اور سیاست

فرح گوگی کا رانا ثنا اللہ کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

(جہانزیب احمد خان)سابق خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان عرف گوگی نے کرپشن سمیت دیگر الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو پانچ ارب روپے کا لیگل نوٹس بھجوادیا۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان گوگی نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو پانچ ارب روپے کا لیگل نوٹس ارسال کیا ہے۔

فرح خان نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو کرپشن سمیت دیگر الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

نوٹس میں تحریر ہے کہ رانا ثناءاللہ نے الزام لگایا کہ عثمان بزدار کے دور ميں فرح خان نے کرپشن کی، رانا ثناءاللہ کے جھوٹے بیان سے شہرت متاثر ہوئی۔

نوٹس میں متنبہہ کیا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ سات روز میں معافی مانگیں ورنہ قانونی کاروائی کی جائے گی۔

رواں برس جون میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ عمران خان کی اہلیہ بشری ٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے خلاف اہم حقائق سامنے لے آئےتھے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صرف ایک کیس میں ہی 57 ارب روپےکا غبن کیا؟

رانا ثناءاللہ نے کہا تھا کہ فرح گوگی ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلا ف اربوں روپے کی کرپشن کے ایسے ثبوت موجود ہیں کہ یہ لوگ انکار ہی نہیں کرسکتے ۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک کیس میں ہی انہوں نے 57 ارب روپے کا گھپلہ کروایا اور اسکے نتیجے میں دس ارب روپے بیگز میں وصول کیے

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ادارے انکوائری کررہے ہیں، ایف آئی آر بھی ہوگی ، ریفرنس بھی ہوگا اور ان کے خلاف عدالت بھی جائیں گے۔

دوسری جانب فرحت شہزادی عرف فرح گوگی  کے ٹیکس ایڈوائزر  ایڈووکیٹ اسد رسول  نے  اپنی مؤکلہ پر لگائے گئے الزامات  کو جھوٹ اور  بے بنیاد   قرار دے دیا تھا ۔

 اسد رسول ایڈووکیٹ  نے رانا ثنا اللہ کے الزامات پر پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ  فرح بی بی کےتمام معاملات عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے کے ہیں لہٰذا ان  پر عائد الزامات سراسر بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔

اسد رسول ایڈووکیٹ نےکہا کہ گزشتہ حکومت میں فرح بی بی کی دولت میں چار گنا اضافے کی بات غلط ہے، ان کے 30 جون 2018 تک  اثاثوں کی مالیت  70 کروڑ  روپے تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر اگر کوئی پوچھ گچھ ہوتی ہے تو اس کا جواب دیں گے ، ٹیکس کی حد تک جواب دہ ہوں، سیاسی جواب نہیں دے سکتا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ساڑھے تین سال پنجاب کی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا جب کہ فرح گوگی نے عمران خان کی ایما پر پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا، عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے فرح گوگی کو 32 کروڑ کا فائدہ پہنچایا۔

اس سے قبل سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بشری بی بی کی سہیلی فرح خان سے متعلق کہا تھا کہ انہوں نے ہر پولیس والے ہر ڈی سی کے ٹرانسفر پوسٹنگ پر  پیسے لیے، وہ پیسے کہاں جاتے رہے؟

انہوں نے کہا کہ فرح خان کے پاس ایک کروڑ  62 لاکھ روپے کا بیگ ہے جو زیادہ تر پاکستانیوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ خاتون اول کی قریبی ساتھی فرح خان کی پرائیوٹ جیٹ میں تصویر نے سوشل میڈیا پر ہل چل مچادی ہے۔ فرح خان کا ہینڈ بیگ اور سینڈل لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہینڈ بیگ اور سینڈل معروف امریکی برانڈ کا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button