افسر اور دفترتازہ ترینتھانہ کچہریٹریفک اپ ڈیٹقومیورلڈ اپ ڈیٹ

سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور اقوام عالم کا ردعمل

( شیتل ملک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کےمستقل مندوب منیراکرم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل  انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی برادری سے خصوصی اپیل کریں گے کہ پاکستان کی مدد کی جائے، جس سے پاکستان میں بحالی اورتعمیر نو کا عمل ممکن بنایا جاسکےگا۔

 ملاقات میں منیراکرم نے پاکستان میں سیلاب سے اموات اور 33 لاکھ سے زائد افراد کے نقل مکانی سے متعلق آگاہ کیا جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر

کرسچن ٹرنر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیلاب نے ابھرتے ہوئے فوری اور طویل مدتی چیلنجز کو جنم دیا ہے،سیلاب متاثرین کی بنیادی ضروریات میں مدد پہلا چیلنج ہے۔

برطانوی ہائی کمشنرکا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، 72 اضلاع آفت زدہ قرار دیے گئے اور 10 لاکھ گھر تباہ ہوئے۔

کرسچن ٹرنر نے کہا کہ سیلاب سے 10 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی اور 7 لاکھ مویشی ہلاک ہوئے، یہ بڑا انسانی چیلنج ہے جس کے طویل مدتی اثرات ہیں اس لیے برطانیہ نے فوری طور پر 15 لاکھ پاؤنڈز کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شیری رحمان،این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں سے مل کر مزید امداد کی ضرورت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی اخراج کے صرف ایک فیصد کا ذمہ دار ہے۔پاکستان آب و ہوا کے حوالے سے آٹھواں سب سے کمزور ملک ہے اور اس نے 10 سال کے دوران موسمی تغیر کے نتیجے میں 18 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کیا۔

رطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے مزید کہا کہ گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس کی وجہ سے انتہائی موسمی واقعات عام ہوتے جا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی اقتصادی ،سلامتی اور خارجہ پالیسیوں کے تناظر میں فوری عالمی مسئلہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے لیے 55 ملین پاؤنڈز کا کوپ 26 میں وعدہ کیا ہے۔

پاکستان میں سیلاب سے 1500 سے زائد افراد جاں بحق

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں،چاروں صوبوں میں سیلاب لوگوں کا سب کچھ بہاکرلے گیا۔

انہوں نے اپیل کی کہ ہر پاکستانی کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرنے چا ہییں۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جس کے بعد دریا سے منسلک اضلاع کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے، دریائے سندھ سے منسلک تمام اضلاع کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

چاچڑاں شریف کے مقام پر 7 لاکھ 25 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب کے باعث 100 سے زائد دیہات اور فصلیں زیرآب آگئیں جبکہ کئی مکانات گر گئے، سیلابی صورتحال کے باعث حفاظتی بندوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے مزید دیہات متاثر ہوسکتے ہیں اس لیے بستیاں اور دیہات خالی کرانے کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button