بھارت کے با اثر سیاسی رہنما کے بیٹے کی دوستوں کے ساتھ ملکر لڑکی کیساتھ گاڑی میں اجتماعی زیادتی

( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں رکن اسمبلی کے بیٹے نے 4 دوستوں کیساتھ ملکر 17 سالہ لڑکی کو اپنی گاڑی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہرحیدر آباد میں نجی پارٹی سے واپسی پر پانچ لڑکوں نے ایک 17 سالہ لڑکی کو اپنی مرسیڈیز میں بٹھایا اور زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ لڑکی کے والد نے پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں مقامی رکن اسمبلی کے ایک رکن اور اس کے 4 دوستوں کو نامزد کیا ہے، لڑکی کی طبی جانچ پڑتال میں اجمتماعی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے تاحال اس کیس میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے، بی جے پی کی مقامی قیادت نے رکن اسمبلی کے بیٹے کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی تلنگانہ کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ جن لڑکوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے ان میں ایک مجلسِ اتحاد المسلمین کے رکن اسبلی کا بیٹا جب کہ دوسرا اقلیتی بورڈ کے چیئرمین کا بیٹا ہے۔