عمران خان کی سیکیورٹی پر حکومت 24 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے

( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی پر سالانہ 24 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سامنے آئی جس کی صدارت پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز نے کی۔
کارروائی کے دوران آئی جی اکبر ناصر سے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے اور ان کی حفاظت کے لیے تعینات نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی وجوہات کے بارے میں پوچھا گیا۔
آئی جی نے کمیٹی کو بتایا کہ دو نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے علاوہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کے 266 اہلکار عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے لائسنس منسوخ کیے گئے تاہم وہ اب بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
کمیٹی کو بریفنگ میں سربراہ وفاقی پولیس نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کیلئے جو بھی لوگ کسی اور جگہ سے آئے، وہ اسلام آباد پولیس کی کمانڈ میں ہیں۔
آئی جی اکبر ناصر نے سابق وزرائے اعظم اور ارکان کی سیکیورٹی پبلک میں زیر بحث لانے کی مخالفت بھی کردی۔ کہا کہ سنجیدگی کا تقاضہ ہے کہ اسے میڈیا میں ڈسکس نہ کیا جائے کیونکہ معلومات حملہ کرنے والوں کے پاس بھی پہنچ جاتی ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ دیگر تمام وزرائے اعظم کو یکساں سیکیورٹی دی جاتی ہے، ان میں سے کسی کی حفاظت کیلئے 5 سے زیادہ اہلکار تعینات نہیں، جبکہ شاہد خاقان عباسی نے تو بطور سابق وزیراعظم کوئی سیکیورٹی نہیں لی۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ایک ‘عالمی رہنما’ تھے جنہوں نے متعدد بار اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کی ہے۔ فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محسن عزیز نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں اور پولیس نے خود دھمکیوں کی تصدیق کی ہے اور اس صورتحال میں عمران خان کی سیکورٹی واپس لینے کے احکامات ‘غیر قانونی اور نامناسب’ ہیں۔
یاد رہے کہ اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کے فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پرعمران خان کی سیکیورٹی امورکی نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جس کے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو لکھے گئے ہنگامی خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں۔
ہنگامی مراسلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں ان کی سیکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگرضروری سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے 16اپریل کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں خدشہ ظاہرکیا گیا کہ ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف عوامی اجتماعات کے موقع پرسابق وزیر اعظم عمران خان پر حملوں کا خدشہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان پر جلسہ سے متعلق سیکیورٹی خدشات پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی قیادت کو خط لکھا تھا۔
ڈی سی لاہور نے خط میں کہا تھا کہ مینار پاکستان جلسے میں سیکیورٹی خدشات موجود ہیں،عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں۔