سدھو موسے والا کی موت کیسے ہوئی ؟ پوسٹمارٹم رپورٹ آ گئی

( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار ’ سدھو موسے والا ‘ کی آخری رسومات کی ادائیگی کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور میت کو ان کے آبائی گاﺅں میں پہنچا دیا گیاہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے تاہم ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے کچھ نکات بھارتی میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے جاری کیئے جارہے ہیں ۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سدھو موسے والا کے جسم پر 20 گولیاں لگنے کے نشانات ہیں جبکہ ان کی کھوپڑی پر بھی گولی لگی ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ زیادہ خون بہہ جانے کو بتایا گیاہے ۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گولیاں لگنے سے سدھو کے جسم کے اندرونی اعضاءبری طرح متاثر ہوئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے سیمپلز کو مزیدتحقیقات کیلئے بھجوا دیا گیاہے ۔ پولیس نے کریک ڈاﺅن جاری رکھا ہواہے اور اب تک تقریبا سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیاہے جن میں سے دھیرادھن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے براہ راست قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے ۔ گرفتار افراد میں لارنس بشنوئی کا ایک قریبی ساتھی بھی شامل ہے ۔
یاد رہے کہ تین روز قبل سدھو موسے والا کی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی اور اس کے اگلے ہی روز ان کی گاڑی پر حملہ ہوا اور انہیںقتل کر دیا گیا ، سدھو موسے والا کی گاڑی پر 30 گولیاں ماری گئیں ، وہ کالے رنگ کی جیپ پر سوار اپنے دوستوں کے ہمراہ جارہے تھے ۔بعدازاں بشنوئی گینگ نے سدھو کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔