عمران خان چور اور جھوٹا ہے، بہت جلد شہباز شریف خوشخبری سنائیں گے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل دور گزر گیا، آنے والا وقت اچھا ہو گا، مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ عمران خان سے نہیں مہنگائی سے ہے۔
ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرہ موڑ والو! مجھے بتاو کہ 17 کو جولائی کو جھنگ میں کون آئے گا؟ 17 جولائی کو جھنگ میں شیر آرہا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی کم ہو؟ آپ چاہتے ہو کہ مہنگائی کم ہو تو شیر کو ووٹ دینا، وعدہ کریں 17 جولائی کو گھر نہیں بیٹھیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہاں شیر جیتے گا تو مریم نواز پھر جھنگ آکر آپ کا شکریہ ادا کرے گی۔ انہوں نے انتخابی ریلی کی قیادت بھی کی جس میں فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں آج پہلی دفعہ جھنگ آئی ہوں،مجھے نہیں پتہ تھا جھنگ کے لوگ محبت کرنے والے ہیں، نواز شریف کی محبت میں آج پورا جھنگ نکلا ہوا ہے، 17 جولائی کو جھنگ میں کون آئے گا؟ ہم یہاں آلو پیاز کی قیمت کم کرنے آئے ہیں، جب تک جھنگ میں ترقی نہیں ہوگی ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے، 17 جولائی کو کوئی گھروں میں نہیں بیٹھیں گے نا؟ 17 جولائی کو شیر کو جتواؤ، جھنگ میں ترقی کے ڈھیر لگا دیں گے، 17 جولائی کو پنجاب دشمن عمران خان کو اٹھا کر باہر پھینکنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو پنجاب کے عوام کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، یہ چاہتے ہیں کہ ایک بار پھر فرح خان کو پنجاب پر مسلط کریں، ہم اس بار فرح خان کو پنجاب پر مسلط کرنے نہیں دیں گے، عمران خان چور بھی ہیں اور جھوٹا بھی، پنجاب کے عوام کو عمران خان نے کچھ نہیں دیا، آج شام کو شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے والے ہیں، مشکل وقت گزر گیا اب روز خوشخبریاں آئیں گی۔