عمران خان کی دھمکی اور مریم نواز کا جواب
( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا۔
’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ ‘ میں عوام کے سوالات کے جواب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہماری پارٹی کی حکومت یہ مدت اور آئندہ مدت بھی پوری کرے گی۔
انہوں نے اپوزیشن کو دو ٹوک پیغام دیا کہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا، میرے سڑکوں پر نکلنے سے آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو لگتا ہے کہ میں بھی مشرف کی طرح انہیں این آر او دے دوں گا، ایسا کرنا ملک سے غداری ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، ہم کوئی ایشین ٹائیگر نہیں بننے جارہے ہیں اور نہ ہی لاہور کو پیرس بنانے جارہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی دھمکیاں کہ ‘اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا’، گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔
آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں۔ جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔ نا آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑی تھی نا ہی آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔ آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 23, 2022
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیے گئے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔ کیونکہ نا آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑے تھے نا ہی آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔
مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان صاحب، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں۔