افسر اور دفترتازہ ترینتعلیم و صحتموسم

خیر پور ناتھن شاہ بھی سیلاب کا منہ زور ریلا بہا لے گیا

( شیتل ملک ) سندھ کے  ضلع دادو کا قصبہ خیرپور ناتھن شاہ بھی سیلابی پانی میں ڈوب گیا۔

جوہی اور میہڑ شہر کو سیلاب سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں، یہی نہیں جوہی رنگ بند کو مضبوط بنانے کے لیے خواتین اوربچیاں بھی شریک ہیں۔

 شہریوں نے ضلع کی شہری آبادی کو بچانے کے لیے منچھر جھیل کو کٹ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب مٹیاری روہڑی کینال کا گیٹ چھنڈن مور کے مقام پر ٹوٹ گیا، خیرپور کی تحصیلیں کوٹ ڈیجی اور نارا بھی زیر آب آگئیں تاہم  شہدادکوٹ شہر کو بچانے کے لیے شہر کو  جاتی شاہراہ پر 3 مقامات پر کٹ لگا دیے گئے ہیں۔

ادھر ضلع بدین میں سیلاب متاثرین سرکاری ریلیف کیمپوں میں امدادی سامان اور سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث سڑک کنارے خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں ۔

 مزید برآں عمرکوٹ میں مون سون کی بارشوں کے دوران مرچ اور کپاس کی تیار فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا جس کے باعث  مقامی کاشت کار شدید معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔

سندھ میں مزید 15 افراد جاں بحق ، نوابشاہ میں اے سی کا سکیورٹی اہلکار کلہاڑی کے وار سے جاں بحق

نوابشاہ میں علی رضا موری سیم نالےکا کٹ بند کرنے پر مقامی افراد کا ریونیو اہلکاروں پر حملہ ہوا جس سے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کی سکیورٹی پر مامور اہلکار کلہاڑی کے وار سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نےعلی رضا موری سیم نالےمیں غیر قانونی کٹ لگایا تھا۔

دوسری جانب سیلابی ریلا دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ میں داخل ہوگیا جس کے باعث بائی پاس روڈ کے نشیبی علاقےمیں 10 فٹ اور شہر میں 2 سے 5 فٹ تک پانی جمع ہے۔ نوابشاہ سکرنڈ روڈ پر  برساتی اور  سیم نالوں کے شگاف سے پورا علاقہ ڈوب گیا۔۔

ادھر ٹنڈو آدم میں سوئی نہر میں شگاف پڑنے سے پانی شہر کی جانب بڑھنے لگا، ضلع شکارپور کے بھی کئی گاؤں اب تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ستمبر کے مہینے میں جنوب مشرقی سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کی پیشین گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر میں سندھ میں مون سون کےکم از کم دو سسٹم تیز بارشیں برساسکتے ہیں، تھرپارکر، عمرکوٹ اور  بدین میں معمول سے 20 سے 30 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ معمول سے زائد بارشوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے، دریائے سندھ میں سیلاب اور بارشوں سےزیریں سندھ میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب بشمول سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں،  ستمبر میں شمال مشرقی پنجاب میں معمول سے 10 سے15 فیصد زائد بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ستمبر میں بارشوں سے متعلق باقاعدہ ایڈوائزری کل جاری کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button