بریکنگ

بریکنگ نیوز، لوہاری گیٹ،پان منڈی کے قریب دھماکا، کراچی سے آئے 9 سالہ ابصار سمیت 3 شہری جاں بحق 25 زخمی

(رضا ہاشمی) لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

کمشنر لاہور نے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں جل گئیں۔

زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکے میں 22 افراد زخمی ہوگئے، امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر موجود ہیں۔ فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا، دھماکے میں کتنا بارود استعمال کیا گیا تعین کیا جا رہا ہے۔

دھماکا ہوتے ہی جائے دھماکا پر پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری پہنچ گیا۔

ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ بجھائی اور جھلس جانے والے افراد کو وہاں سے اسپتال منتقل کیا۔

میؤ اسپتال کے ایم ایس کے مطابق 25 زخمیوں کو میؤ اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری اور ان کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 9 سالہ ابصار کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کراچی سے ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچے ابصار کے والدین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے 1 اور جاں بحق شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور کا رہائشی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button