لاہور کا موسم بدلنے لگا، گرمی کی آمد، اگلے 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں

(مائرہ ارجمند) آج جمعہ المبارک ہے ،مارچ کی 11 تاریخ عیسوی سال 2022، 7شبعاں اور قمری سال 1443 جبکہ پھگن کی 27 تاریخ اور دیسی کیلینڈر کا 2078 واں سال ہے۔
شہر لاہور میں موسم تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے ، بہار کی رت کچھ دن کی مہمان ہے اور درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا ر ہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ۔
آلودگی کی بات کی جائے تو موسم سرما کے مقابلے میں فضائی آلودگی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ چند روز قبل لاہور کی فضا بلکل صاف ہو گئی تھی اور ائیر کوالٹی انڈیکس 50 کے لگ بھگ تھا لیکن گزشتہ روز سے آلودگی کا مسئلہ پھر سے سر اٹھانے لگا ہے اور آج پھر سے لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے ۔ لاہور میں مجموعی اے کیو آئی یعنی ائیر کوالٹی انڈیکس 175 پر ہے جو آلودگی کے اعتبار سے چوتھا درجہ ہے اور اسے آلودگی کا برا درجہ خیال کیا جاتا ہے ۔ لاہور کے آلودہ ترین علاقوں میں ایچی سن کالج مال روڈ آج سرفہرست ہے جہاں اے کیو آئی 235 ریکارڈ کیا گیا ہے ، جبکہ ظفر علی روڈ 234 اے کیو آئی کیساتھ دوسرے اور انارکلی 207 اے کیو آئی کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے


محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت16 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ32 ڈگری رہنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔