فن و فنکار

سیلاب زدگان کیلئے میرا کا ڈانس،حنا الطاف کے سینٹری پیڈ اور فضا علی کا سوال

( مانیٹرنگ ڈیسک )اداکارہ میرا نے نیویارک میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز  اکٹھا کرنے کی غرض سے لائیو پرفارمنس دی جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

میرا نے نیویارک کے علاقے بروکلین میں سڑک پر دلہن کی طرح سج سنور کر  پنجابی گانے پر ڈانس کیا جس سے دیکھنے والے محظوظ ہوئے۔

اداکارہ نے یہ ڈانس پرفارمنس پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے باعث متاثر ہونے والے افراد کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے کی۔

انہوں نے پوسٹ پر مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریز کرنے کی خاطر آج میں نے نیویارک میں پرفارم کیا، میری تمام مسلمانوں سے خلوص دل سے گزارش ہے کہ براہ کرم آگے آئیں اور مدد کریں۔

میرا نے کہا کہ اپنے دل اور گھر کے دروازے ان متاثرین کے لیے کھولیں، ہم متحد ہوکر کسی بھی پریشانی سے نمٹ سکتے ہیں۔

اداکارہ کاکہنا تھا کہ کسی ایک خاندان کو اگر چھت میسر آجائے، کوئی ایک خاندن بھی اس مشکل سے نکل سکے تو میں ایک آرٹسٹ ہونے کے ناطے دنیا کے کسی بھی حصے میں پرفارم کرنے کے لیے تیار ہوں۔

اداکارہ حنا الطاف نے عوام سے سیلاب سے متاثرہ خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز اور بچوں کے لیے ڈائپرز عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ تیار غذا سیلاب متاثرین کو بھیجیں کیونکہ ان کے پاس پکانے کے لیے چولہے موجود نہیں ہیں۔

حنا الطاف نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ آپ سب بڑھ چڑھ کر فلاحی تنظیموں کو عطیات جمع کروائیں، یہ بالکل نہ سوچیں کہ ان کے پاس جمع کروانے کے لیے کچھ بھی نہیں، ان کی جانب سے دیا گیا محض 100 روپیہ بھی اس وقت بہت بڑا ہے۔

انہوں نے کہا خاص طور پر خواتین کے لیے ضروری اشیاء جیسے سینیٹری پیڈز لازمی عطیہ کریں ، ساتھ ہی بچوں کے لیے ڈائپرز بھی دیں تاکہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حنا نے مزید کہا  اگر کسی کے گھر میں پانی کی کوئی خالی بوتل بھی اضافی ہے تو وہ بھی عطیہ کریں، کیوں کہ اس سے بھی بہت بڑا فرق پڑے گا۔

اداکارہ و میزبان فضا علی نے پاکستان میں سیلاب کی بدترین صورتحال پر انتظامیہ اور حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انسٹاگرام پر فضا علی نے ایک طویل ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا اور ساتھ ہی عوام سے متاثرین کی مدد کی اپیل بھی کی۔

فضا علی نے کہا ‘یہ عذاب سارے صرف غریب پر ہی آتے ہیں؟ ان ہی کا نقصان ہوتا ہے، وہی مرتے ہیں جو کچھ ہوتا ہے، صرف ان ہی کے ساتھ ہوتا ہے، امیر کو کچھ کیوں نہیں ہوتا‘؟

فضا علی کا کہنا تھا ‘اسلام آباد، لاہور میں جو اتنی بڑی بڑی سوسائٹیز ہیں، جو اتنے بڑے بڑے سیکٹرز ہیں یہاں پانی کیوں نہیں آتا؟ ان کا نقصان کیوں نہیں ہوتا؟’

اداکارہ نے انتظامیہ اور حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ لوگ یہ نہیں کہتے کہ یہ سب ہماری لاپرواہی کی وجہ سے ہوا ہے، یہ سب ڈیمز نہ بنانے کا نتیجہ ہے، بھارت کو دیکھیں اس نے ڈیم بنالیے، ہم نے اب تک کیوں نہیں بنائے؟’

انہوں نے مزید کہا ‘کالا باغ ڈیم کی تعمیر اب تک مکمل نہیں ہوسکی ہے، جو کہ دکھ کی بات ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button