افسر اور دفترتازہ ترینٹریفک اپ ڈیٹقومیلاہور 42 نیوز دوست

مون سون آج پھر پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں جل تھل ایک کرے گا

( شیتل ملک ) شمال مشرقی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں آج کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا شدید کم دباؤ آج سے سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں چوبیس اور پچیس اگست کے دوران کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مخیرحضرات پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں تیز بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب سخت متاثر ہوئے ہیں۔

لاڑکانہ میں بارش متاثرین نے سرکار کی طرف سے راشن، ٹینٹ اور سہولیات کی عدم فراہمی پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گاڑیاں روک لیں۔

سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ہاؤس کے باہر پہنچے تو درجنوں مظاہرین نے ان کا راستہ روک لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ گاڑی سے اتر آئے اور مظاہرین سے معلومات حاصل کیں۔ بارش سے متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ سندھ سے شکوہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر انہیں ٹینٹ دے رہے ہیں نہ ہی کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے اور خاندان کھلے آسمان تلے بھوکے بیٹھے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ ان سے ملنے کو بھی تیار نہیں۔ بارش متاثرین نے لاتعداد افراد کی بیماری کا بھی شکوہ کیا اور بتایا کہ بیمار افراد بھی کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔

ایک شہری نے شکوہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر طارق منظور سے ملنے کے لیے دو دن سے باہر موجود ہیں لیکن وہ ملنے کو تیار نہیں، سہولیات کی عدم فراہمی سے ہمارے پیارے موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ تمام بارش متاثرین کو ٹینٹ کھانا اور دیگر سہولیات فوری فراہم کی جائیں گی، بارش سے متاثرہ کسی بھی شخص کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ 

انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ فوری متعلقہ علاقوں کا دورہ کر کے ٹینٹ اور دیگر سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کے بارش متاثرین کی شکایات پر کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سید مراد علی شاہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے قافلے کو جانے دیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button