پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 خواجہ سرا زخمی

( اسد شہسوار ) پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 خواجہ سرا زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے کبوتر چوک پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 4 خواجہ سرا زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی خواجہ سراؤں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔
لاہور میں 3 ستمبر کو خواجہ سرا کو قتل کر دیا گیا
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن ٹیم نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کی اور خواجہ سرا کو قتل کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار کرلئے، ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا، ڈولفن ٹیم کو کال موصول ہوئی کہ ملزمان نے خواجہ سرا کو قتل کردیا ہے۔دونوں ملزمان نے شی میل راشد عرف ثنا ء کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔ڈولفن ٹیم 53 سیکٹر انچارج کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی۔ ڈولفن ٹیم نے 5 منٹ کے اندر اندر ریسپانس کرتے ہوے ملزمان کو گرفتار کیا۔ملزمان امان اللہ عرف نرگس اور بلال گرفتارکر کے تھانہ نشتر کالونی کے حوالے کر دیئے گئے، ایس پی ڈولفن راشد ہدایت کیطرف سے ٹیم سیکٹر انچارج کو شاباش و تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے
مارچ میں 24 گھنٹوں کے درمیان خیبر پختونخواہ میں 4 خواجہ سرا قتل ہوئے
اس ضمن میں پہلا واقعہ مانسہرہ میں 13 مارچ، دوسرا واقعہ مردان میں 17مارچ، تیسرا واقعہ 18 مارچ اور چوتھا واقعہ مردان میں پیش آیا ہے جہاں خواجہ سرا کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا ہے،مردان میوزیم کے قریب خواجہ سراؤں کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی،فائرنگ کے نتیجہ میں خواجہ سراء کوکونٹ جانبحق دوسرا زخمی ہو گیا،اطلاعات کے مطابق خواجہ سراء محفل موسیقی سے واپس آرہے تھے۔
خیبرپختونخواہ کے خواجہ سراؤں کے ساتھ پچھلے دس دنوں میں انتہائی افسوس ناک واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں چار خواجہ سرا بے دردی سے قتل جبکہ 6 خواجہ سرا گولیوں سے شدید زخمی ہوئے ہیں،پہلا واقعہ پشاور میں خواجہ سرا حسینہ کو گولی مار کر زخمی کیا گیا لیکن ابھی تک اس کا ملزم گرفتار نہ ہوسکا دوسرا واقعہ مانسہرہ میں 5 خواجہ سراؤں کو گھر میں گولیاں مار کر زخمی کیا گیا جس میں ایک خواجہ سرا سمیر کی موت ہوگئی تیسرا واقعہ مردان میں خواجہ سرا کے گھر میں گولیاں چلائی گئیں جس میں خواجہ سرا چاند قتل ہو ئی اور خواجہ سرا زمرد زیر علاج ہے جبکہ ملزم بھی ابھی تک گرفتار نہ ہو سکا۔
چوتھا واقعہ پشاور کے مشہور بازار قصہ خوانی میں دن دیہاڑے خواجہ سرا مانو کو گولیوں سے مار کر قتل کر دیا گیا،خواجہ سرا کمیونٹی کا کہنا ہے کہ بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس واقعے میں بھی ملزم گرفتار نہ ہوسکا خیبر پختونخواہ حکومت ابھی تک تمام مجرموں کو پکڑنے میں کامیاب نہی ہوئی اس سلسلے میں خیبر پختونخوا خواجہ سرا کمیونٹی کی طرف سے اپنی حق کے لیے بروز پیر 28 مارچ کو دن بارہ بجے پریس کلب میں پریس کانفرنس اور کانفرنس کے بعد پرامن مظاہرہ کیا جائے گا