پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کا امکان،قیمتوں کے تعین کا فارمولہ کیا ہے؟

( مائرہ ارجمند ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نئی سمری پر کام شروع کردیا، جس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کی شرح کو کم کر کے بھی عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری 13 اگست کو وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی، جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد 15 اگست کو نئی قیمتوں کا اعلان ہوگا۔
اوگرا کی دستاویز کے مطابق آئل ریفائنریاں عرب گلف انٹرنیشنل مارکیٹ سے (کاسٹ اینڈ فریٹ کی بنیاد پر) درآمدی خام تیل کا گذشتہ 15 روز کا ڈیٹا اکٹھا کرتی ہیں۔ وہ اس دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اوسط قیمت نکال کر درآمدی قیمت کو (بیرل کے حساب سے) روپوں تبدیل کرتی ہیں۔ (خام تیل میٹرک ٹن کے حساب سے درآمد ہوتا ہے جبکہ ادائیگی ڈالروں میں فی بیرل کے حساب سے کی جاتی ہے)
اس کے بعد ریفائننگ یا صفائی کے عمل میں خام تیل سے جو مصنوعات نکلتی ہیں ان کے تناسب سے فی لیٹر قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔ لیکن بات یہاں ختم نہیں ہو جاتی، بلکہ (پیٹرولیم ڈویژن کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں) پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) ہر ماہ کی 15 اور 30 یا 31 تاریخ کو خط بھجوا کر پریمیم (کارگو اخراجات)، سی اینڈ ایف ایڈجسٹمنٹ، اتفاقی اخراجات، سمندری نقصانات اور کسٹم ڈیوٹی کا اعلان کرتا ہے۔
پی ایس او نے یکم تا 15 جون 2022 کے لیے پیٹرول کا پریمیئم آٹھ ڈالر 47.4 سینٹ فی بیرل، سی اینڈ ایف ایڈجسٹمنٹ چار روپے 71 پیسے فی لیٹر، اتفاقی اخراجات 24 پیسے جبکہ 17 روپے 57 پیسے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کے لیے 10 ڈالر ساڑھے 49 سینٹ فی بیرل پریمیئم، پانچ روپے 87 پیسے فی لیٹر سی اینڈ ایف ایڈجسٹمنٹ، 19 پیسے فی لیٹر اتفاقی اخراجات، 36 پیسے فی لیٹر سمندری نقصانات اور 19 روپے 47 پیسے کسٹم ڈیوٹی کا اعلان کیا گیا۔ اس رقم کو پیٹرول و ڈیزل کی روپوؤں میں نکالی گئی قیمت میں شامل کر کے ایکس ریفائنری/بیس پرائس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد متعدد بار کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی ٹیکس، لیوی نہیں لے رہی بلکہ 16 جون 2022 سے قیمت خرید پر عوام کو پیٹرول و ڈیزل فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس کے برعکس پی ایس او کی جانب سے 31 مئی 2022 کو آئل ریفائنریوں کو بھجوائے گئے خط میں، جس کا حوالہ نمبر (ایف این/پی اے/220) ہے واضح طور پر ہدایت کی گئی کہ یکم تا 15 جون 2022 کے لیے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر ایکس ریفائنری پرائس پر بالترتیب 17 روپے 57 پیسے اور 19 روپے 47 پیسے کسٹم ڈیوٹی وصول کی جائے۔