ریاست اور سیاستتھانہ کچہریقومی

5 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیا،شیخ رشید نے عمران خان کی سیاست ختم ہونے کا عندیہ دے دیا

(سفیان سعید خان)پی ٹی آئی رکنِ پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی خرم لغاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے ساتھ مزید 5 ارکانِ پنجاب اسمبلی نے بھی تحریکِ انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خرم لغاری نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہمیں دکھایا کچھ اور گیا تھا، ہوا کچھ اور ہے، ممکن ہے ہم اسمبلی سے بھی استعفیٰ دے دیں۔

خرم لغاری کا کہنا ہے کہ ہم اگلے 3 چار دن میں اسمبلی سے مستعفی ہو سکتے ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ وزیر بنانے کا کیا معیار ہے۔

شیخ رشید نے بھی عمران خان کی سیاست ختم ہونے کا عندیہ دے دیا

دوسری جانب سابق وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ڈھکے چھپے الفاظ میں بتا دیا ہے کہ عمران خان کی سیاست اب ختم ہونے کو ہے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آج عمران خان لبرٹی چوک سے سیاست کے آخری 5 اوور کروانے جا رہے ہیں۔

یہ بات شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں خود بھی لبرٹی چوک جاؤں گا، جمعے کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچے گا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ دعا ہے کہ لانگ مارچ آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقاصد حاصل کرے۔

اس سے قبل کیے گئے ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ غریب عوام اور پاکستان سنگین ترین بحران سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی مشہوری کے لیے شہباز شریف نے نومبر میں جتنے غیر ملکی دورے کرنے ہیں کر لیں غیر مقبول بھکاریوں کو کوئی خیرات نہیں دے گا۔

سابق وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اسلام آباد کے عوام نکل آئے تو کرپٹ ٹولے کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی، نومبر میں آر یا پار ہو جائے گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللّٰہ کو پیغام دیتا ہوں کہ اسلام آباد کسی کے باپ کا نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید  نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی مطالبہ ہے شفاف الیکشن کروائیں جائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ  ذمےداران کو سمجھنا چاہیے، ہوا بدل گئی ہے، ملک میں اصل فساد یہ چاہتے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ 13جماعتیں مل کر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، میں نہ نواز ہوں، نہ شہباز اور نہ ہی زرداری ہوں، ان کا مقابلہ کروں گا۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے وارنٹِ گرفتاری کے کیس میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب ندیم سرور پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سیاست دانوں کو اپنی لڑائیاں خود لڑنے دیں، ادارے کسی کا ٹول نہ بنیں۔

عدالتِ عالیہ نے دورانِ سماعت ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب ندیم سرور پر برہم ہوتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا ادارہ سیاسی ٹول بن چکا ہے، ایک آتا ہے مقدمہ بناتا ہے دوسرا کوئی آتا ہے مقدمہ خارج کرتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ درخواست گزار بریت کے لیے 249 اے کی درخواست ٹرائل کورٹ میں دائر کر سکتا ہے۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے ایڈووکیٹ احمد اویس عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کیس کا چالان ٹرائل کورٹ میں جمع ہو گیا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے کہا کہ اگر یہ بیان دیں گے کہ رانا ثناء اللّٰہ کو گرفتار نہیں کرنا تو کیس ابھی ختم کر دیتے ہیں، ورنہ جواب دینا ہو گا، غلط بیانی پر دیکھیں گے کہ آپ کیسے ڈی جی اینٹی کرپشن رہ سکتے ہیں، سیاست دانوں کو اپنی لڑائیاں خود لڑنے دیں، ادارے کسی کا ٹول نہ بنیں۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کہا کہ آپ نے رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف غلط بیانی کر کے وارنٹِ گرفتاری حاصل کیے، عدالت کو بتائیں کہ آپ رانا ثناء اللّٰہ کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button