تحریک انصاف کا برا وقت شروع، ایف آئی اے کو مجرمانہ سرگرمیوں کے ناقابل تردید شواہد مل گئے

( اسیس مہتاب ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور دیگر متعلقہ ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں سپریم کورٹ میں اس پر پابندی لگانے کے لیے ریفرنس جمع کرانے کے لیےپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مجرمانہ سرگرمیوں اور دیگر غلط کاموں کے مزید ناقابلِ مواخذہ شواہد کو مرتب کرنے اور اکٹھا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دی نیوز کو بتایا کہ مطلوبہ شواہد اکٹھے ہونے پر ریفرنس کو ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا اور امید ہے کہ یہ کام جلد مکمل ہو جائے گا۔ مختصر گفتگو میں وزیر نے واضح کیا کہ حکمران پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) قانون اور آئین کے حکم پر عمل کرے گا، لہٰذا پی ٹی آئی کی تقدیر پر مہر لگانے کے لیے ضروری کام کرنے میں کوئی سستی نہیں برتی جائے گی۔
اس دوران قانونی ماہرین نے یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے، دفاتر سیل کر دیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کالعدم جماعت قرار دیے جانے کی صورت میں تمام اراکین پارلیمنٹ کی بطور قانون ساز حیثیت ختم ہو جائے گی۔ حکومت کو ای سی پی کا ریفرنس موصول ہو گیا ہے اور اس نے آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس کے ساتھ اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کی اہلیت فراہم کر دی ہے۔
متعلقہ ایجنسیاں سابق وزیر ترین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کی فرانزک رپورٹ طلب کریں گی۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ممنوع فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تحریک انصاف کے 3 مرکزی اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا، ایف آئی اے نےطارق شفیع اور عارف نقوی پر بیرون ممالک سفر کی عبوری پابندی عاید کردی تھی ۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق یہ اکاؤنٹس ووٹن کرکٹ کلب سے رقوم کی ترسیل کے لیے استعمال ہوئے، تینوں اکاؤنٹس سے بھاری رقوم بیرون ممالک سے پاکستان آئیں۔
ذرائع ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ طارق شفیع ہی وہ شخص ہیں جنہوں نے انصاف ٹرسٹ کھولا تھا۔ ایف آئی اے نے طارق شفیع کے اکاؤنٹس منجمد کرکے انہیں جواب کیلیے طلب کرلیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے 11 سال میں تحریک انصاف کو موصول امریکا سے آئے ایک ارب 10 کروڑ روپے فنڈ کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔
حکام کے مطابق یہ فنڈزپارٹی کو13مختلف اکاونٹس میں2010سے 2021تک وصول ہوئے جو 6 رجسٹرڈ فرم کے ذریعے اکٹھے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 7 ہزار افراد اور100 سے زائد کمپنیوں نے پارٹی کو امریکا سے فنڈز بھیجے جو پی ٹی آئی کے ایک درجن سے زائد امریکی شہریت رکھنے والے عہدے داروں نے کیے۔
دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف نے 2010ء سے 2017ء کے دوران امریکا سے 34 کروڑ ڈالر کے فنڈز اکھٹے کیے جبکہ مجموعی طور پرپچاس لاکھ امریکی ڈالر کے عطیات پارٹی کو ملے۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء سے جون 2013 ء کی مدت میں 23 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی امداد اکٹھی کی جبکہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں امریکا سے 28 کروڑ سے زائد کے فنڈز اکٹھے کیے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم 11 سال میں تحریک انصاف کو موصول امریکا سے آئے ایک ارب 10 کروڑ روپے فنڈ کی فارنزک کررہی ہے۔