ورلڈ اپ ڈیٹ

ملکہ برطانیہ کا تابوب ویسٹ منسٹر میں،اگلے 3 دن کی رسومات کی تفصیل

( توقیر احمد ) آنجہانی ملکۂ برطانیہ کے آخری دیدار کے لیے ہزاروں افراد ویسٹ منسٹر کے باہر طویل قطار بنائے ہوئے ہیں۔

گھنٹوں تک لائن میں انتظار کرنے والی ایک برطانوی خاتون نے ملکہ سے محبت کا انوکھا انداز پیش کرتے ہوئے بازو پر آنجہانی ملکہ کا ٹیٹو بنوا لیا۔

رپورٹس کے مطابق ملکہ کا تابوت چار دن تک ویسٹ منسٹر ہال میں رہے گا۔

یہ عظیم الشان ہال پیلس آف ویسٹ منسٹر کا قدیم ترین حصہ ہے اور حکومتِ برطانیہ کا مرکز ہے۔

2002 میں شاہی خاندان کی آخری شخصیت جن کی میت کو دیدار کے لیے اس ہال میں رکھا گیا تھا وہ ملکہ الزبتھ کی والدہ مادر ملکہ تھیں۔ اُن کا آخری دیدار کرنے کے لیے دو لاکھ سے زیادہ افراد قطار میں کھڑے ہوئے تھے۔

دیدار کے بعد اُن کی میت کو بکنگھم پیلس سے ایک جلوس کی صورت میں ویسٹ منسٹر ہال لایا جائے گا۔ یہ جلوس آہستہ آہستہ آگے بڑھے گا اور میت کے ہمراہ فوجی پریڈ اور شاہی خاندان کے افراد بھی ہوں گے۔

لوگ اس جلوس کو سڑکوں سے گزرتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گے اور لندن کے واقع رائل پارکس میں آخری رسومات کی یہ تقریبات بڑی سکرینوں پر دکھائے جانے کا امکان ہے۔

ملکہ کی میت کو 11ویں صدی میں تعمیر کیے جانے والے ہال کی قرون وسطیٰ کی لکڑی کی چھت کے نیچے ایک بلند پلیٹ فارم پر رکھا جائے گا جسے ’کیٹفالک‘ کہا جاتا ہے۔ پلیٹ فارم کے ہر کونے کی حفاظت ان یونٹس کے سپاہی کریں گے جو شاہی خاندان کی خدمت کرتے ہیں۔

ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانوی فوج نے پریڈ کی جبکہ ہائیڈ پارک میں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

ملکہ کی آخری رسومات کب ہوں گی؟

شاہی اعزازات کے ساتھ ملکہ کی آخری رسومات متوقع طور پر ویسٹ منسٹر ایبی میں دو ہفتوں سے کم عرصے میں ادا کی جائیں گی، اس بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان بکنگھم پیلس کی جانب سے کیا جائے گا۔

ویسٹ منسٹر ایبی وہ تاریخ کلیسا ہے جہاں برطانیہ کے بادشاہوں اور ملکاؤں کی تاج پوشی کی جاتی ہے۔

یہاں پر ملکہ الزبتھ دوم کی سنہ 1953 میں تاج پوشی کی گئی تھی اور سنہ 1947 میں ان کی شہزادہ فلپ کے ساتھ شادی کی تقریب بھی یہیں منعقد ہوئی تھی۔

ایبی میں 18ویں صدی کے بعد سے کسی حکمران کی آخری رسومات ادا نہیں کی گئی ہیں تاہم ملکہ کی والدہ کی آخری رسومات وہاں سنہ 2002 میں ادا کی گئی تھیں۔

دنیا بھر سے سربراہان مملکت شاہی خاندان کے ہمراہ ملکہ کی زندگی اور خدمات کو یاد کرنے اور ان کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے لیے پہنچیں گے۔

برطانیہ کے سینئر سیاستدان اور سابق وزرائے اعظم بھی اس موقع پر وہاں موجود ہوں گے۔

دن کے آغاز پر ملکہ کے تابوت کو ویسٹ منسٹر ہال سے ویسٹ منسٹر ایبی تک رائل نیوی کی سرکاری گن کیرج میں لایا جائے گا۔

اس گن کیرج کو آخری مرتبہ سنہ 1979 میں شہزادہ فلپ کے ماموں لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی آخری رسومات کے موقع پر دیکھا گیا تھا جسے رائل نیوی کے 142 ملاحوں نے کھینچا تھا۔

نئے بادشاہ سمیت شاہی خاندان کے سینیئر ارکان ممکنہ طور پر اس کے پیچھے چلیں گے۔

ملکہ کی آخری رسومات کے لیے دعا ممکنہ طور پر ڈین آف ویسٹ منسٹر ڈیوڈ ہوئل کروائیں گے جبکہ آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی خطبہ دیں گے۔

وزیر اعظم لز ٹرس کو ممکنہ طور پر مذہبی پیغام کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔

آخری رسومات کے بعد ملکہ کا تابوت پیدل جلوس کی صورت میں ایبی سے لندن کے ہائیڈ پارک کارنر میں ویلنگٹن آرچ تک لایا جائے گا جس کے بعد اسے میت گاڑی میں ونڈزر لے جایا جائے گا۔

ملکہ کا تابوت اس دوپہر ونڈزر کاسل میں سینٹ جارج چیپل تک اپنا آخری سفر کرے گا۔

توقع کی جاتی ہے کہ بادشاہ اور شاہی خاندان کے سینئر ارکان ونڈزر کاسل کے چوراہے میں جلوس میں شامل ہوں گے جس کے بعد تابوت کو سینٹ جارج چیپل میں ایک دعائیہ تقریب کے لیے لے جایا جائے گا۔

سینٹ جارج چیپل وہ گرجا گھر ہے جسے شاہی خاندان باقاعدگی سے شادیوں، نام رکھنے اور آخری رسومات کے لیے منتخب کرتا ہے۔

یہ وہ جگہ ہے جہاں ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی ہوئی تھی اور جہاں ملکہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں۔.

ملکہ کے تابوت کو شاہی والٹ میں اتارا جائے گا جس کے بعد اسے سینٹ جارج چیپل کے اندر واقع کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں دفن کر دیا جائے گا۔

ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور محافظ رائل گارڈز کی جانب سے سلامی پیش کیے جانے کے دوران بیہوش ہو  کر گر پڑا۔

8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے والی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے اور ملکہ برطانیہ کا تابوت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ابے منتقل کر دیا گیا ہے۔

ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانوی فوج کی جانب سے پریڈ کی گئی اور ہائیڈ پارک میں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔ دعائیہ تقریب میں بادشاہ چارلس سوئم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

ملکہ کے تابوت کو ایک پوڈیم پر اونچے مقام پر رکھا گیا ہے جس کی حفاظت پر سوورن باڈی گارڈز یونٹ ہاؤس ہولڈ ڈویژن کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی رائل گارڈز کا دستہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو پوڈیم پر کھڑا گارڈ اچانک سے بیہوش ہو کر نیچے گر جاتا ہے جسے قریب ہی کھڑا دوسرا محافظ دوڑتا ہوا آکر ہوش میں لانے کی کوشش کرتا ہے۔

دعائیہ تقریب میں شاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ ملکہ کی آخری رسومات 19 ستمبر کو مکمل ہوں گی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button