عمران خان کی خاتون مجسٹریٹ اور آئی جی اسلام آباد کو دھمکیوں پر راناثنا اللہ اور حکومتی اتحاد کا ردعمل

( سفیان سعید خان ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے اعلان کیا ہے کہ خاتون مجسٹریٹ، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو دھمکی دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی دھمکی کو ساری دنیا نے براہ راست دیکھا، اب قانون کے سامنے کیلئے تیار ہوجائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو کارسرکار میں مداخلت، دھمکیوں پر قانون کو جواب دینا ہوگا، قانون پر عمل نہ کیا تو پاکستان جنگل بن جائے گا۔وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ فوج میں بغاوت پر اکسانے والوں کو قانون سے بھاگنے نہیں دیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ شہدا کی توہین کریں، بغاوت پر اکسائیں اور پھر اسلام آباد میں کھڑے ہو کر ریاستی رٹ کو چیلنج بھی کریں۔
آئی جی اور ڈی آئی جی تمہیں تو ہم نے نہیں چھوڑنا، اور مجسٹریٹ زیبا صاحبہ آپ بھی تیار ہو جائیں آپ کے خلاف بھی ہم نے ایکشن لینا ہے، عمران خان کی تازہ دھمکیاں
— Maryam Nawaz (@maryamnawazkhan) August 20, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ یہ رویہ ملک میں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتا ہے، کارروائی لازم ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی کی کرپشن کی بات کرو تو عمران خان کو اسلامی ٹچ یاد آ جاتا ہے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے ایک مشترکہ بیان میں اسلام آباد میں عمران خان کےخطاب کی شدید مذمت کی ہے۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے بھی مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف نائن پارک اسلام آباد میں عمران خان کےخطاب کی شدید میں مذمت کرتے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف نے ایک خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر اسے دھمکی دی، آئی جی اور ڈی جی آئی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کرکے ڈرانے کی کوشش کی۔
حکومتی اتحاد کا کہنا ہےکہ یہ دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے، غدار فارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چیئرمین ہے، انہوں نے پاک فوج میں بغاوت کی سازش کی ہے۔
حکومتی اتحاد نے مطالبہ کیا ہےکہ وفاقی وزیرداخلہ دھمکیاں دینے پر عمران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں، عمران خان کو آئین اور قانون کا پابند بنایا جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی بھی دی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بھی بیان سامنے آیا ہے اور ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون افسر اور دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض انتہائی تندہی سے سر انجام دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔خاتون افسر اور دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا ہر افسر و جوان اپنے فرائض منصبی قانون کے مطابق سرانجام دے رہا ہے۔ ⬇️
— Islamabad Police (@ICT_Police) August 20, 2022
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان یں کہا گیا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض انتہائی تندہی سے سر انجام دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔خاتون افسر اور دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا ہر افسر و جوان اپنے فرائض منصبی قانون کے مطابق سرانجام دے رہا ہے۔
طترجمان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد پولیس کو بطور ادارہ ساکھ متاثر کرنے اور متنازع بنانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔