سارہ علی خان کی لالی وڈ میں انٹری

( مانیٹرنگ ڈیسک ) اداکار یاسر حسین کی آنے والی فلم ‘پیچھے تو دیکھو’رواں ماہ 17 جون کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔
اداکار یاسر حسین نے آج انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے قریبی اور دور کے سینما میں ہارر کامیڈی فلم آرہی ہے تو آپ ٹکٹ لے لیں ۔
دوسری جانب یاسر حسین نے اپنی ایک انسٹا اسٹوری شیئرکرتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا، کیونکہ انٹرٹینمٹ معلومات کی ویب سائٹ آئی ایم بی ڈی پر فلم کی کاسٹ بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان بھی نظر آرہی ہیں ۔
یاسر حسین نے یہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات تو مجھے بھی نہیں پتہ تھی کہ فلم ‘پیچھے تو دیکھو’ میں میرے ساتھ سارہ علی خان ہیں ۔
سید عاطف علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی کہانی مزاح سے بھرپور ہے جس میں ہارر مناظر بھی دیکھنے کو ملیں گے ۔
ایک انٹرویو میں فلم کے نام سے متعلق بات کرتے ہوئے ہدایت کار عاطف علی نے کہا تھا کہ فلم کی کہانی 1971 کے ایک واقعے کے گرد گھومتی ہےجس میں فلم کے کردار ماضی میں چلے جاتے ہیں ،اس تناظر میں فلم کا نام“پیچھے تو دیکھو“ رکھا گیا ہے۔
فلمساز سید عاطف علی اس سے قبل 2018 میں بھی ہارر کامیڈی فلم ‘پری’ بناچکے ہیں ۔
فلم میں یاسر حسین ایک حیدر آبادی لڑکے کے روپ میں دکھائی دیں گے جبکہ دیگر کاسٹ میں عدیل امجد ، وقار حسین اور اداکارہ نول سعید احمد بھی دکھائی دینگی۔
ہدایت کار کے مطابق فلم میں مزاح، تجسس، خوف اور محبت کا ایک حسین امتزاج دیکھنے کو ملے گا ۔