بریکنگ نیوز: شہباز گل کو بنی گالہ سے گرفتار کر لیا گیا

( رضا ہاشمی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ شہباز گل کو بنی گالہ سے گرفتار کر لیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ ’’کس کس کو گرفتار کروگے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگاؤ گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دئےگئے۔ کل رات ایک خوفناک پلان تھا لیکن عمران خان کے جانثاروں نے واضح پیغام دیا عمران خان ریڈ لائن ہے۔‘‘
کس کس کو گرفتار کروگے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگاؤ گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دئے۔ کل رات ایک خوفناک پلان تھا لیکن عمران خان کے جانثاروں نے واضح پیغام دیا عمران خان ریڈ لائن ہے۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’شہباز گل کو بنی گالا چوک سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آئے لوگوں نے اغواء کر لیا ہے‘‘۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے شہباز گل کے خلاف اداروں کے خلاف بیان بازی اور عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کےسربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز گل کو حراست میں لیا گیاتھا تاہم ایک روز بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ہماری آواز دبا نہیں سکتا، شہباز گل کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے۔
عمران خان کی زیر صدارت شہباز گل کی گرفتاری کے معاملے پر پارٹی کا مشاورتی اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں بابر اعوان، اسد عمر اور شیریں مزاری سمیت پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوئی۔
پی ٹی آئی اجلاس میں شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کوئی بھی ہماری آواز دبا نہیں سکتا، شہباز گل کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے۔