ہمایوں سعید کے بارے میں نور بخاری کے ریمارکس پر شنیرا اکرم میدان میں

(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم اداکار ہمایوں سعیدکی حمایت میں سامنے آگئیں۔
حال ہی میں سابقہ اداکارہ نور بخاری نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر ہمایوں سعید کی نئی فلم ‘لندن نہیں جاؤں گا’ کی کچھ جھلکیاں شیئر کیں اور کہا کہ فلم کی ہدایتکاری بہت اچھی ہے لیکن ہمایوں سعید کا کردار مناسب نہیں۔

نور بخاری کے مطابق ہمایوں سعید کی عمر میں پیار نہیں ہوتا،انہیں اب میچور کردار ادا کرنے چاہئیں تاہم سابقہ اداکارہ کی انسٹا اسٹوری کے اسکرین شاٹس وائرل ہوئے تو شنیرا اکرم میدان میں آگئیں۔
انہوں نے کہا ‘میرے تجربے کے مطابق مجھے لگتا ہے کہ زندگی کے دوسرے نصف حصے میں بہت سی ناقابل یقین محبت کی کہانیاں شروع ہوتی ہیں، بس یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ زندگی کا اسکرپٹ کیسے لکھا جاتا ہے’۔
انہوں نے مزید کہا ‘بہت سارے افراد کو اب تک ان کی سچی محبت نہیں ملی اور وہ تاحال اس کی تلاش میں ہیں، بہت سے لوگ اس دنیا میں ہیں جو غیر شادی شدہ ہیں، کچھ طلاق یافتہ ہیں اور کچھ کے ہمسفر انتقال کرچکے ہیں’۔
شنیرا اکرم نے مزید لکھا ‘ان افراد کی کہانیوں سے انکاری نہ ہوں،سب کی سچی محبت تلاش کرنے کی اپنی اپنی کہانی ہے’۔