گلی گلی چراغاں ، مساجد میں شب بیداری کا اہتمام ،ملک بھر میں شب برات آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی 

(مائرہ ارجمند) پورے ملک میں شب برات آج بروز جمعہ 18 مارچ 14 شعبان المعظم کو مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی۔ لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں انتقال کر جانے والوں کے رشتہ داروں کا رش ہے ،قبروں پر مٹی ڈالی جا رہی ہے اور پھول نچھاور کئے جا ریے ہیں۔
شب برات کے موقع پر چاروں صوبائی، وفاقی دارالحکومت، شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں محافل اور نوافل کا اہتمام کیا جائے گا۔
علماء کرام خطیب حضرات اور مقررین شب برات کی فضیلت بیان کریں گے۔ فرزندان اسلام شب برات
کے احترام میں روزہ بھی رکھیں گے۔
اس موقعہ پر مساجد خانقاہوں اور مزارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ فرزندانِ اسلام گھروں میں ہی شب بیداری، نوافل و ذکر اور خصوصی عبادات کا اہتمام کریں گے۔
شب برات کے موقع پر ملک بھر میں قبرستان میں بھی صفائی اور روشنی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ شبِ برأت کے موقع پر کراچی کی تین ہٹی کی پھولوں کی مارکیٹ میں دکانداروں اور شہریوں کی گہما گہمی ہے۔
پھول مارکیٹ میں پھول اور پھولوں کی پتیاں پہنچائی جارہی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پھول فروخت کرنے والے دکاندار تین ہٹی کی مارکیٹ سے پھول خرید رہے ہیں۔ اس موقع پر قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت تین گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سعادتوں والی رات کے موقع پر لوگ اپنے مرحومین کے ایصال ثواب اور زیارت قبور کیلئے قبرستان بھی جائیں گے۔ خصوصی دعاؤں میں کرونا کی وبا اور کرب کی موجودہ فضا میں اللہ سے رحم و کرم اور پناہ طلب کی جائے گی