کابل میں گردوارے پر حملہ، 2 افراد ہلاک

( اسد شہسوار) کابل میں سکھ گرودوارے میں دھماکے اور فائرنگ کے نیتجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں واقع سکھ گرودوارے میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ واقعے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نوار تصویری؛ بامداد امروز منطقه کارته پروان شهر کابل شاهد انفجارهای پیهم بود.#طلوعنیوز pic.twitter.com/rRFfqx0AEO
— TOLOnews (@TOLOnews) June 18, 2022
رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے ترجمان وزارتِ داخلہ عبدالنفی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کابل کے علاقے کارتہ پروان میں واقع سکھوں کے گرودوارے پر نامعلوم افراد نے صبح ساڑھے 6 بجے حملہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور بارود سے بھری گاڑی گرودوارے کے قریب لانا چاہتے تھے، تاہم ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے گرودوارے پرتعینات سیکیورٹی گارڈز پر دستی بموں سے حملہ کیا اور گرودوارے میں داخل ہوگئے، اس حملے میں ایک طالبان سیکیورٹی اہلکار اور ایک سکھ ہلاکت ہوگئے، جب کہ 7 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرودوارے کے منتظم گورنام سنگھ کے مطابق حملے کے وقت گرودوارے میں 30 افراد موجود تھے، جن کی موت یا زندہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی، کیوں کہ واقعے کے فوری بعد طالبان نے گرودوارے کو اپنے حصار میں لے کر تمام افراد کا داخلہ بند کردیا ہے اور کسی کو گردوارے میں جانے کی اجازت نہیں۔
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارتہ پروان کے نواحی علاقے باغ بالا میں واقع گرودوارے سے دھواں اٹھ رہا ہے، جب کہ فائرنگ کی آوازیں بھی آ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تاحال واقعے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم شدت پسند تنظیم داعش خراسان نے گزشتہ چند دنوں میں مساجد اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے تیز کررکھے ہیں۔