ماں نے 2 ماہ کی بچی کو قتل کر کے لاش مائیکرو ویو میں چھپا دی

(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر نئی دہلی میں خاتون نے مبینہ طور پر 2 ماہ کی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر مائیکرو ویو میں چھپا دیا ۔
ذی ٹی وی کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ انہیں گزشتہ روز ایک کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ گھر کے مائیکرویو سے کپڑے میں لپٹی ہوئی بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، اہل خانہ بچی کو ہسپتال لے گئے جہاں اس کی موت کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس دوران یہ وقوعہ ہوا بچی کے والد سمیت دیگر اہلخانہ خریداری کیلئے بازار گئے تھے جبکہ گھر پر 2 ماہ کی بچی ، والدہ اور 4 سالہ بھائی موجود تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے خاتون کو 4 سالہ بچے کو پیٹتے ہوئے سنا لیکن جب انہوں نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی تو خاتون نے دروازہ لاک کرلیا۔
اہل خانہ کے ایک فرد نے بتایا کہ جب بند کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو خاتون بے ہوش تھیں جنہیں ہسپتال منتقل کیاگیا جب کہ بچی موجود نہیں تھی ،اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی، گھر کے مختلف حصوں کی تلاشی کے بعد بچی کی لاش مائیکرو ویو سے برآمد ہوئی۔
خاتون کے سسر نے بیان دیا ہے کہ ماں بچی کی پیدائش سے خوش بھی نہیں تھی اس لیے بہو نے بچی کو قتل کیا ہے اور اس وقت گھر پر بہو بچی کیساتھ اکیلی تھی ۔پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بچی کے قتل کا الزام والدہ پر عائد کیا ہے لیکن خاتون سے تفتیش جاری ہے تاہم بچی کی موت کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا ہے۔