کپل شرما شو کے نئے سیزن کی شروعات

( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کا مقبول کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو’ کے نئے سیزن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پروگرام کے مرکزی کرداروں میں سے ایک ‘کرشنا ابھیشیک’ نے تو معاہدہ من مرضی طے نہ پانے کی صورت میں شو کو الوداع کہہ دیا لیکن کامیڈی شو کی باقی پوری ٹیم جلوے بکھیرنے اور مداحوں کو ہنسانے کے لیے تیار ہے۔
حال ہی میں کپل شرما سمیت ان کی ٹیم کے دیگر افراد نے شو کا پرومو شوٹ کروایا ہے جس کی کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ جلد ہی بھارتی ٹی وی اسکرینز پر پرومو نشر کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پروگرام کا آغاز 10 ستمبر سے ہورہا ہے، پروگرام میں کپل سمیت ارچنا پورن سنگھ، سمونا چکرورتی، کیکو شاردا اور چندن پرابھرکر دکھائی دیں گے۔
بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ اس نئے سیزن میں کپل متعدد نئے کامیڈینز متعارف کرائیں گے جو عوام کو خوب ہنسائیں گے۔
اس پروگرام کے مداحوں کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
گزشتہ دنوں بھارتی سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کپل شرما شو میں زیادہ نظر نہیں آئیں گی، دیگر مصروفیات کے باعث انہوں نے کبھی کبھی شو میں نظر آنے کا بتایا تھا، اس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ کرشنا نے بھی شو چھوڑ دیا۔
تاہم اب کرشنا ابھیشیک نے خود تصدیق کی ہے کہ وہ کامیڈی شو کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کرشنا سے میڈیا ٹاک کے دوران جب کامیڈی شو سے متعلق سوال ہوا تو انہوں نے مختصراً جواب دیا اور بتایا ‘ہاں میں اب یہ شو نہیں کروں گا، پروگرام کے پروڈیوسرز کے ساتھ معاہدے کے مسائل ہیں’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہت سے افراد یہ بھی کہہ رہے تھے کہ کرشنا کے کپل کے ساتھ کچھ مسئلے ہوئے ہیں لیکن فی الحال ایسی کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی۔