سٹیٹ بنک کے ذخائر میں 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا

( مائرہ ارجمند ) سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پچھلے ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر کے اعداد و شمار جاری کردیئے، گرتے ذخائر میں استحکام آگیا سرکاری ذخائر میں 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 12 اگست 2022ء کو کل ملکی ذخائر 13 ارب 61 کروڑ 33 لاکھ ڈالر رہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر کا حجم 7 ارب 89 کروڑ 73 لاکھ ڈالر ہے جبکہ دیگر کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 71 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی کی ورکرز ترسیلات ڈھائی ارب ڈالر رہیں، جولائی میں بھیجی جانے والی ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد ماہانہ ترسیلات زر کی 26 ویں مسلسل لڑی ہے۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی کی ترسیلات جون کے مقابلے 7 اعشاریہ 8 فیصد کم رہیں، جولائی میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 58 کروڑ ڈالر بھیجے، متحدہ عرب امارات سے 45 کروڑ 62 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی میں برطانیہ سے 41 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 25 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے ۔