لاہور میں طوفانی بارش، کل مزید بارش ہو گی

( مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور کے مختلف علاقوں میں اتوار 7 اگست کو کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے گرمی کی چھٹی کردی۔
مغل پورہ، ہربنس پورہ، رائے ونڈ روڈ، ٹھوکرنیاز بیگ، وحدت روڈ، گلبرگ، گڑھی شاہو ، جیل روڈ ، ڈیفنس ،کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ جس سے حبس کا زور ٹوٹ گیا، دوپہر کو لاہور کا درجہ حرارت 29 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر میں ہوائیں سترہ کلو میٹر فی گھنتہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سپیل کے تحت شہر میں آئندہ دو روز میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بادل برستے ہی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے، بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، آج سے کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو جائے گا۔
شیر ی رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔