چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، ہنگامی صورتحال کا نفاذ،ریلوے سروس بند

( شیتل ملک ) کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پانی آنے کے باعث کورنگی کازوے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ریلوے ٹریک پر بارش کا پانی آنے کے باعث آج کئی ٹرینوں کی روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔
کراچی سے قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، تیزگام ایکسپریس اور عوام ایکسپریس معطل رہیں گی۔
رپورٹس کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس بھی منسوخ کی گئی ہے۔
بارش کی وجہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب سیوریج لائن ایک بار پھر بیٹھ گئی، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر بھی چھ سے آٹھ فٹ تک گڑھا پڑنے سے ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ شاہین کمپلیکس کے قریب قدیم درخت گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گردونواح میں بارش کا تیز سپیل آج بھی جاری رہے گا، سندھ بھر کے تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے۔
سوات کے پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے اور سیلابی ریلے کے سکولوں میں داخل ہونے کے باعث بچے پھنس کر رہ گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو بحفاظت نکال لیا جبکہ گھر اور دکانیں پانی میں ڈوب گئیں۔
دوسری جانب دیر بالا سکول کے بچے چھٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، پانچ میں سے تین بچوں کی لاشیں مل گئیں۔
رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 14 ہزار ایکڑ سے زیادہ رقبے پر کھڑی فصلیں اور سبزیاں پانی کی نذر ہوگئیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان، اپر کوہستان، چترال اور ٹانک کے اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
کشمیر پریمیئر لیگ میں میرپور رائلز اور باغ اسٹالیئنز کے درمیان کوالیفائر میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔
میرپور رائلز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی وجہ سے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
اوور سیز واریئرز اور کوٹلی لائنز کا پہلا ایلی منیٹر میچ بھی منسوخ ہوگیا، دوسرا ایلی منیٹر میچ آج اوورسیز واریئرز اور باغ اسٹالیئنز کے درمیان ہوگا، میچ جیو سوپر پر براہ راست نشر ہوگا۔