کراچی اور بلوچستان میں طوفانی بارشیں ، 100 سے زائد افراد ہلاک

( مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کے بعد اسپل ویز کھول دیے گئے۔ بلوچستان میں شدید طوفانی بارش سے اموات کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی۔
ضلع لسبیلہ اور خضدار میں کوئٹہ کراچی شاہراہ کو پانچ مقامات پر پانی بہا کر لے گیا، لسبیلہ میں بارشوں کے باعث بائبر آپٹک متاثر ہونے سے بلوچستان کو انٹرنیٹ کی فراہمی بھی متاثر ہو گئی۔
ڈیرہ بگٹی قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں مزید 3 بچے جاں بحق ہو گئے ، پی ڈٰی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں سے اب تک 104 افراد جاں بحق جبکہ 61 زخمی ہوگئے ۔ حکام کے مطابق حالیہ بارشوں سے صوبہ بھر میں 6 ہزار 68 گھروں کو نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک لسبیلہ میں 118 ، خضدار میں 90 اور اوتھل میں 58 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے مزید بارشوں کا امکان ہے۔
دسری جانب کراچی میں مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے دوران مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو اداروں کے مطابق سب سے زیادہ اموات گزشتہ روز پیر کو ہوئیں۔
حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ3 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے11 افراد جان سے گئے جبکہ 5افراد ڈوب کرجاں بحق ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ کل رات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ راجستھان میں موجود ہوا کا کم دباؤ سندھ میں پہلے سے موجود سسٹم کے ساتھ مل گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں برسات کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔