ورلڈ اپ ڈیٹ

گھانا اور سعودی عرب میں شیروں کے حملوں سے2 افراد ہلاک

( مانیٹرنگ ڈیسک ) گھانا کے شہر اکرا کے چڑیا گھر میں شیروں نے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر میں پیش آئے واقعے کے پیچھے مرنے والے شخص کی چوری  تھی جس نے شیر کے بچوں کو چڑیا گھر سے چرانے کی کوشش کی اور وہ عین موقع پر شیر کے ہتھے چڑھ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چوری کرنے والا شخص شیروں کے پنجرے میں گھسنے کی کوشش کررہا تھا اور شیروں کا شکار ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چڑیا گھر کی انتظامیہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے جب کہ عوام کیلئے چڑیا گھر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے صوبے قصیم میں "شیرنی” کے حملے میں ایک مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ واقعہ بریدہ شہر کے مشرق میں واقع عسیلان کی تفریح گاہ میں پیش آیا۔ جنگلی حیات کی ترقی سے متعلق قومی مرکز نے منگل کے روز جاری بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق مرکز کو یہ اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ تفریح گاہ میں جانوروں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے جن میں درندے بھی شامل ہیں۔

اس کے بعد تربیت یافتہ اہل کاروں کی ٹیم نے سیوکرٹی اداروں کے تعاون سے مذکورہ جانوروں پر قابو پا لیا۔ ان میں ایک شیر اور بھیڑیے کے علاوہ متعدد دودھ پلانے والے اور رینگنے والے جانور شامل ہیں۔ ان تمام جانوروں کو مرکز کے زیر انتظام ٹھکانے منتقل کر دیا گیا۔

مرکز کے مطابق معدومیت کا شکار جانوروں کی نمائش اور تجارت ماحولیاتی خلاف ورزیوں میں آتی ہے۔ اس کی سزا زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 3 کروڑ ریال جرمانہ یا پھر دونوں میں سے کوئی ایک سزا ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ عسیلان قصیم صوبے کی ایک مشہور تفریح گاہ ہے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔ یہاں روزانہ یا ہفتہ وار مختلف نوعیت کی سرگرمیاں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔

پنجروں میں رہنے سے یہ جانور چڑچڑے اور خونخؤار ہو جاتے ہیں جو شکار کی غرض سے نہیں بلکہ اپنے نفسیاتی عارضوں کی وجہ سے خونخواری پر اتر آتے ہیں 2018 میں امریکی چڑیا گھر میں ایک شیرنی نے اپنے تین بچوں کے باپ پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔

12 سالہ زوری نامی شیرنی نے 10 سالہ نیئک نامی ببر شیر پر امریکی شہر انڈیانوپلس کے ایک چڑیا گھر میں حملہ کیا تو چڑیا گھر کا عملہ انھیں علیحدہ نہیں کر سکا۔ بعد میں وہ شیر دم گھُٹنے سے مر گیا۔

شیروں کا وہ جوڑا گزشتہ آٹھ سال سے ایک ہی پنجرے میں رہتا تھا اور 2015 میں ان کے تین بچے بھی ہوئے تھے۔

عملے کا کہنا تھا کہ شیروں کے پنجرے سے حد سے زیادہ دھاڑوں سے انھیں پتا چلا کہ کچھ غیرمعمولی ہو رہا ہے۔

زوری نے نیئک کو گلے سے پکڑا ہوا تھا اور عملے کی دونوں کو علیحدہ کرنے کی کوششیں ناکام رہی تھیں۔

عملے کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان کبھی بھی غیر معمولی جارحیت نہیں دیکھی گئی تھی۔

تاہم چڑیا گھر کی انتظامیہ نے واقعے کے بعد کہا ہے کہ شیروں کی دیکھ بھال کے طریقہ کار میں کسی تبدیلی کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button