شہر لاہور کا موسم خشگوار، بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا آج کی بارش سے اربن فلڈنگ متوقع

(مائرہ ارجمند) آج جمعہ ہے جون کی 17 تاریخ عیسوی سال 2022،17 ذی القعدہ اور قمری سال 1443 جبکہ 4 ہاڑ اور دیسی کیلینڈر کا 2079 واں سال ہے۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کے حوالے سے الرٹ جاری کردیاہے راولپنڈی اور لاہور میں آج اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ۔

گزشتہ رات ہونے ولی طوفانی بارش کے بعد محکمہ موسمیات نے آج بھی طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں اور لاہور سمیت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔اسکے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں بارش برسے گی، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ، کوہاٹ میں بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔17 سے 19 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد میں بارش برسے گی، پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 15 جون سے 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
آلودگی کی بات کی جائے تو شہر میں آلودگی کی مجموعی صورتحال بہت بہتر ہے اور بارش کے بعد فضا معطر ہےآج لاہور عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 39 ویں نمبر پر ہے۔


لاہور کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 57 ہے۔
لاہور میں ایچی سن کا لج مال روڈ 134 اے کیو آئی کیساتھ پہلے، شاہدرہ کا علاقہ 130 اے کیو آئی کیساتھ دوسرے جبکہ قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ اور کو ٹ لکھپت اور اسکے گرد و نواح 105 اے کیو آئی ، کیساتھ شہر کا تیسرا آلودہ ترین علاقہ ہے،
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیش گوئی کی ہے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 24 رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب83 فیصد رہے گا۔