شہر لاہور کا موسم خوشگوار، اگست تک طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا 2010 جیسے سیلابوں کا خدشہ

(مائرہ ارجمند) آج بدھ ہے جون کی 22 تاریخ عیسوی سال 2022، ذی القعدہ کی 22 اور قمری سال 1443 جبکہ 7ہاڑ اور دیسی کیلینڈر کا 2079 واں سال ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اس سال ملک میں متوقع مون سون بارشوں کے باعث سال 2010 جیسا سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خطرہ کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کم از کم اگست 2022 تک مون سون کی بارشیں جاری رہیں گی جبکہ صوبہ پنجاب اور سندھ میں معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے۔ مون سون کے آغاز نے پہلے ہی ہندوستان اور بنگلہ دیش میں ہنگامی صورت حال پیدا کی ہے۔
موسم برسات میں ہنگامی صورتحال سے متعلق ہم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی محکموں کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ متوقع مون سون بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیشگی احتیاطی تدابیر سمیت مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ 1/5 pic.twitter.com/OZG8vNonvF
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) June 21, 2022
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کو سال 2010 والی سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم سیلاب سے نمٹنے کے لیے قومی اور صوبائی محمکوں کے عملے اور وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ضلع وار ہنگامی منصوبہ بندی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور شدید نوعیت کے واقعات بھی متوقع ہیں۔ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں سرپرائزز دے سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق ادارے نے طوفانی بارشوں کے آغاز کے پیش نظر متعلقہ وفاقی اور صوبائی وزارتوں، ان کے ماتحت اداروں جن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، گلگت بلتستان اور وفاقی، صوبائی و ضلعی انتظامیہ ڈیزازٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
آزادکشمیر میں بارشوں سے 48 مکانات ایک دوکان تباہ ایک شہری جانبحق ایک زخمی،محکمہ موسمیات اور ایس ڈی ایم اے کے مطابق سدھنوتی میں 2 مکانات، جہلم ویلی میں 13 مکانات ایک دکان تباہ ہوئی جبکہ جہلم ویلی میں مکان گرنےسےایک شہری جانبحق ایک زخمی ہوا ۔مظفرآباد میں 33 مکانات تباہ ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات تک کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 اور جمعرات کو پارہ37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ادھر پنڈی میں نالہ لئی گوالمنڈی کے مقام پر پانی سطح پری الرٹ کے قریب پہنچ چکی ہے تمام محکموں کو الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

آلودگی کی بات کی جائے تو صورتحال پھر سے خراب ہے اور لاہور دنیا بھر کے شہروں میں آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔


لاہور کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس آج 144 ہے۔
لاہور میں گلبرگ 2 کا علاقہ 208 اے کیو آئی کیساتھ پہلے، سید مراتب علی روڈ 197کیساتھ دوسرا اور امریکی قونصل خانہ بشمول شملہ پہاڑی کے گرد و نواح 190 اے کیو آئی کیساتھ شہر کا تیسرا آلودہ ترین علاقہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیش گوئی کی ہے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 22 رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب88 فیصد رہے گا۔