شہر لاہور کا موسم خوشگوار، پری مون سون بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ،یکم جولائی سے مون سون باضابطہ شروع ہو جائے گا

(مائرہ ارجمند) آج جمعرات ہے جون کی 23 تاریخ عیسوی سال 2022، ذی القعدہ کی 23 اور قمری سال 1443 جبکہ 8ہاڑ اور دیسی کیلینڈر کا 2079 واں سال ہے۔
پری مون سون بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، اگلے چند روز موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں یکم جولائی سے مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔جو معمول سے زائد ہونگی تاہم آنے والے دنوں میں گرمی کے باوجود موسم قدر خوشگوار رہے گا۔ گزشتہ روز بھی شہر کی فضائوں میں بادل چھائے رہے اور تمام دن بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم بالائی خیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار، جنوبی پنجاب،بالائی سندھ،گلگت بلتستان اورکشمیرمیں آند ھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم گلگت بلتستان ،کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
آلودگی کی بات کی جائے تو صورتحال پھر سے خراب ہے اور لاہور دنیا بھر کے شہروں میں آلودگی کے اعتبار سے5 ویں نمبر پر آگیا ہے۔


لاہور کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس آج 153 ہے۔
لاہور میں انارکلی 2 کا علاقہ 188 اے کیو آئی کیساتھ پہلے، کوٹ لکھپت180کیساتھ دوسرا اور گلبرگ 2 173 اے کیو آئی کیساتھ شہر کا تیسرا آلودہ ترین علاقہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیش گوئی نہیں کی ہے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 25 رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب73فیصد رہے گا۔