شہر لاہور کا موسم شدید گرم اور حبس زدہ، بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع ہو گا، آلودگی میں لاہور کا پہلا نمبر برقرار

(مائرہ ارجمند) آج بدھ ہے جون کی 29 تاریخ عیسوی سال 2022، ذی القعدہ کی 29 اور قمری سال 1443 جبکہ 14ہاڑ اور دیسی کیلینڈر کا 2079 واں سال ہے۔
محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے 4 جولائی تک لاہور ، ملتان ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، گجرات ،کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 30 جون سے 4 جولائی تک اسلام آباد، کشمیر اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ژوب، زیارت، خضدار اور لسبیلہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ 2 سے 4 جولائی تک اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، 3 سے 5 جولائی تک کراچی اور حیدر آباد میں موسلا دھار بارش کے ساتھ اربن فلڈنگ کے بھی خطرات ہیں۔
آلودگی کی بات کی جائے تو صورتحال ایک مرتبہ پھر بہت خراب ہوچکی ہے اور آج پھر سے لاہور دنیا بھر کے شہروں میں آلودگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پرہے۔


شہر میں گلبرگ 2 کا ایریا 224 اے کیو آئی کیساتھ آلودہ ترین علاقہ ہے جبکہ کوٹ لکھپت اور قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ کا علاقہ 222 اے کیو آئی کیساتھ دوسرے اور ڈیفینس فیز 5 اور گرد و نواح 208 اے کیو آئی کیساتھ آلودگی کے اعتبار سے لاہور میں تیسرے نمبر پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیش گوئی نہیں کی ہے شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 32 رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب62فیصد رہے گا۔