شہر لاہور کا موسم ، گرم اور خشک ، آلودہ ترین شہروں میں لاہور پھر پہلے نمبر پر آگیا

(مائرہ ارجمند) آج ہفتہ ہے جون کی 4 تاریخ عیسوی سال 2022،4 ذی القعدہ اور قمری سال 1443 جبکہ 21 جیٹھ اور دیسی کیلینڈر کا 2079 واں سال ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ کو لاہور سمیت ملک کےبیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے مون سون وقت سے پہلے اورمعمول سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہےاور کہا ہے کہ جون کے چوتھے ہفتے سے شروع ہونیوالی بارشوں سے سندھ اور پنجاب کے شہری علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے ،بارشوں کا یہ سلسلہ جولائی اور پھر اگست میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی پنجاب اور جنوبی سندھ میں معمول سے زیادہ بارشیں اور سیلاب متوقع ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق برف زیادہ پگھلنے سے بھی دریائے سندھ کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے بڑا سیلاب وجود میں آسکتا ہے ۔ پنجاب میں ملتان ، بہاولپور ، سرگودھا ساہیوال، سیالکوٹ ، لاہور ، گجرات اور دیگر شہروں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، سندھ میں جیکب آباد ، سکھر لاڑکانہ خیر پور اور نوابشاہ میں موسلا دھار بارشوں کا خدشہ ہے ۔ کراچی میں بھی تیز بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ بدین اور تھرپارکر میں بھی تیز بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں سے کوہ سلیمان کے علاقے میں بھی طغیانی آسکتی ہے ، اور ڈیرہ اسماعیل خان ، چمن قلات ژوب ہرنائی اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے ۔
آلودگی کی بات کی جائے تو شہر میں آلودگی کی مجموعی صورتحال آج پھر خراب ہے اورآج لاہور عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے ۔


لاہور کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس205 ہے۔
لاہور میں گلبرگ2 اور اسکے اطراف اسوقت اے کیو آئی 290 کیساتھ پہلے ، سید مراتب علی روڈ کے آس پاس کا علاقہ281 اے کیو آئی کیساتھ دوسرے جبکہ امریکی قونصلیٹ اور اسکے آس پاس کاعلاقہ 263 اے کیو آئی کیساتھ تیسرے نمبرپر ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیش گوئی نہیں کی شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 22 رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب68 فیصد رہے گا۔