سلمان خان بچے ہوئے کھانے کا کیا کرتے تھے، ساتھی اداکارہ نے راز کھول دیا

( مانیٹرنگ ڈیسک ) بالی وڈ کے دبنگ خان کے ساتھ فلموں میں ڈیبیو کرنے والی ماضی کی معروف اداکارہ عائشہ جھلکا نے سلمان خان کی رحم دلی اور انسانیت کے جذبے کے حوالے سے بات کی ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عائشہ جھلکا نے 1991 کے وقت اپنی پہلی فلم ‘قربان’ کے وقت کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا ‘میں سلمان کے ساتھ پہلی فلم کررہی تھی، میرا تجربہ شاندار رہا اور میں نے سلمان کو ایک اچھا انسان پایا’۔
بھارتی اداکارہ نے کہا ‘مجھے سلمان بہت پسند ہیں کیونکہ وہ ایک عظیم آدمی ہیں، کئی بار جب ہم قربان کی شوٹنگ ختم کرکے گھر جارہے ہوتے تھے، تو سلمان خان بچا ہوا کھانا پیک کر لیتے تھے’۔
عائشہ جھلکا نے بتایا کہ ’سلمان خان کھانا تقسیم کرنے کے لیے فقیروں کو ڈھونڈا کرتے تھے، وہ رات گئے سڑکوں پر گھومتے تھے اور اگر کوئی سورہا ہوتا تو اسے جگاتے اور پھر کھانا دیتے’۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ‘اگر کسی کو کھانے کی ضرورت ہوتی تو سلمان گاڑی سے باہر نکل کر اسے کھانا دیتے، میرے خیال سے وہ ایک بہترین انسان ہیں اور زبردست اداکار بھی ہیں’۔
خیال رہے کہ عائشہ جھلکا کو عامر خان کے ہمراہ کی جانے والی سپر ہٹ فلم ‘جو جیتا وہی سکندر’ سے شہرت ملی تھی اور اب طویل عرصے بعد عائشہ جھلکا نے اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمازون پرائم کے شو ’ہش ہش‘ میں واپسی کی ہے جس میں ان کے ہمراہ جوہی چاولہ نظر آئیں گی۔
عائشہ جُھلکا نے کئی برس بعد اب حال ہی میں ویب شو ‘ہش ہش’ سے انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھا ہے جس میں ان کے ہمراہ جوہی چاولہ اور سوہا علی خان دکھائی دیں گی۔
انڈسٹری میں واپس آنے سے متعلق کیے گئے سوال پر عائشہ نے کہا کہ اس وقفے کے دوران مجھے میری خواہش کے مطابق کرداروں کی آفر نہیں ہوئی اسی لیے میں نے کام نہیں کیا۔
انہوں نے اپنی سابقہ فلموں میں ہیرو بننے والے اداکاروں سلمان، اجے دیوگن، اکشے کمار اور عامر خان کے ہمراہ دوبارہ کام کرنےکے حوالے سے کہا کہ اب ان کے ساتھ کام کرنا معیوب لگے گا کیونکہ مجھے ان کرداروں کی آفر نہیں کی جائے گی جو میں کرنا چاہتی ہوں۔
عائشہ جھلکا نے کہا اب اگر میں سلمان کی ماں یا بھابھی بنتی ہوں تو اچھا نہیں لگے گا کیونکہ لوگوں نے ہمیں ہیرو ہیروئن کے طور پر دیکھا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بے شک اب فلم انڈسٹری بہت بدل چکی ہے لیکن میں ذہنی طور پر ان لوگوں کی ماں یا بھابھی بننے پر رضامند نہیں ہو سکوں گی۔
واضح رہے کہ عائشہ جُھلکا کو ان کی فلموں جو جیتا وہی سکندر (عامر خان کے ہمراہ)، کھلاڑی (ہیرو: اکشے کمار) ، سنگرام ( اجے دیوگن کے ساتھ)، چاچی 420 (کمال ہاسن اور تبو کے ہمراہ) اور قربان (سلمان خان کے ساتھ) سے پزیرائی حاصل ہوئی تھی۔
عائشہ جھلکا نے 90 کی دہائی میں اپنی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اداکاری کے باعث بھی فلم نگری پر راج کیا ہے اور کئی نامور اداکاروں سلمان خان، اکشے کمار، کمال ہاسن ، عامرخان، ابھیشک بچن اور سنیل شیٹھی کے ساتھ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔اداکارہ فلمی کیرئیر میں بھی کئی تنازعات کا شکار رہی ہیں جس میں اکشے کمار کے ساتھ معاشقہ بھی مشہور ہے لیکن اداکارہ نے 2003 میں کنسٹرکشن بزنس کے ٹائیکون سمیر واشی سے شادی کرلی تھی جس کے بعد انہوں نے فلمی کیرئیر کے عروج میں فلم نگری کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔اداکارہ نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ بزنس میں ہاتھ بٹانا شروع کیا اورجلد ہی کامیاب اداکارہ کے بعد کامیاب بزنس وومن بھی بن گئی ہیں جب کہ اداکارہ اپنے بزنس میں اتنی مصروف ہیں کہ انہی فلمی دنیا سے دوری کا کوئی افسوس نہیں ہے۔اداکارہ عائشہ جھلکا اپنی بزنس مصروفیات کے باعث فلمی تقریبات میں کم ہی شرکت کرتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں انہوں نے فلمی تقریب میں اپنے شوہر کے ساتھ شرکت کی جہاں ان کی بدلی شخصیت نے سب کو حیران کردیا جب کہ ماضی کی خوبصورت اداکارہ کے وزن میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔عائشہ جھلکا اپنے وزن کے باعث اپنی ہم عمر اداکاراؤں سے زیادہ بڑی نظر آرہی ہیں جس پر ان کے مداح بھی حیران ہیں۔