ایوا بی: پاکستان کی بلوچ خاتون ریپر کون ہیں؟

کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے پہلے گانے ’تو جھوم‘ کی طرح دوسرے گانے ’کنا یاری‘ کے بھی ملک بھر میں چرچے ہیں، تاہم سب سے زیادہ تعریفیں حجابی ریپر گلوکارہ کی کی جا رہی ہیں۔
’کنا یاری‘ کو 19 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے کیفی خلیل اور ایوا بی نے لکھا اور گایا ہے جب کہ عبدالوہاب بگٹی نے ان کا ساتھ دیا ہے۔
کنا یاری‘ کو منفرد موسیقی اور ریپنگ کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے اور لوگوں کے مطابق ایوا بی اور کیفی خلیل کا گانا سن کر ہی احساس ہوتا ہے کہ موسیقی عالمی زبان ہے جو ہر کسی کو سمجھ آجاتی ہے۔مذکورہ گانے میں ایوا بی کو حجاب کے ساتھ مغربی انداز میں ریپنگ پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھ کر لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں مگر بہت سارے لوگ نہیں جانتے کہ وہ حجابی ریپر گلوکارہ ملک کے پسماندہ ترین صوبے بلوچستان سے تعلق رکھتی ہیں۔
ایوا بی نے تین سال قبل انسٹاگرام پر 2018 کے اختتام پر اپنا پہلا ریپر گلوکاری کا گانا شیئر کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔
ایوا بی نے بتایا کہ انہیں پہلے تو ’ریپنگ‘ موسیقی اور گلوکاری کا کچھ پتہ ہی نہیں تھا مگر جب انہوں نے پہلی بار امریکی ریپر ایمینم کو سنا تو انہیں ایسے ہی گیت لکھنے کا شوق ہوا۔
ایوا بی نے بتایا کہ ان کے گھر والوں نے سماجی دباؤ اور لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے ان پر سختیاں بھی عائد کیں مگر ان کی والدہ نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں کہا کہ وہ ایک دن معروف ریپر بنیں گی۔
ایوا بی کا کہنا تھا کہ اب وہ حجاب کی اتنی عادی ہو چکی ہیں کہ اگر ان سے حجاب واپس لیا جائے تو وہ گلوکاری ہی نہیں کر سکیں گی۔
’کنا یاری‘ گلوکارہ کے مطابق وہ حجاب میں خود کو پرسکون اور محفوظ تصور کرتی ہیں اور انہیں اس کے ساتھ ہی ریپنگ گلوکاری میں مزہ آتا ہے۔