تھانہ کچہریتازہ ترینریاست اور سیاست

عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو کیوں پیش نہیں ہوئے؟


( سفیان سعید خان ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو آج طلب کرلیا، عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ عمران خان بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے؟۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سماعت کا آغاز ہوا تو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کے روبرو اپنے دلائل شروع کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے ہیں، جس پر جج راجہ حسن جواد نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔

بابر اعوان نے جواباً عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو لکھا ہے کہ جان کو خطرہ ہے، میں بھی 11منٹ کی دھکم پیل کے بعد عدالت میں داخل ہوا۔ جس پر جج نے کہا کہ ہم اس درخواست ضمانت پر آج ہی دلائل سنیں گے۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے ملزم کو عدالت میں پیش کریں پھر ہم بحث کریں گے۔ اس پر انسداد دہشت گردی کے جج نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا جنہیں دھمکی دی گئی ان کا بیان بھی پڑھیں۔ فرض شناس افسر نے اس سے پہلے کتنے دہشت گردی کے مقدمہ کئے؟۔ آج 3 عدالتیں کھلی ہیں، کمرہ عدالت میں آنے کیلئے وکلاء کی لسٹ دیں۔

اس موقع پر انہوں نے حکام کو حکم دیتےہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت کی طرح عدالت میں غیر متعلقہ افراد نہ آئیں، میں نے عدالت دیکھنی ہوتی ہے کوئی نظر ہی نہیں آتا۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے جج نے استفسار کیا کہ عمران خان کو کون سا خطرہ ہے وہ بتائیں، عدالت نے ضمانت دی تو ان کا فرض تھا کہ آج پیش ہوتے۔

عدالتی ریمارکس پر بابر اعوان نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ میں مزید 4 دفعات شامل کردی گئی ہیں، دہشت گردی کے مقدمے میں 506،504 ،186 اور 188 دفعہ شامل گئیں۔ انہوں نے معزز عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان دفعات میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کی جائے۔

بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے اے ٹی سی کے جج نے کہا کہ ان دفعات میں ہم نوٹس جاری کریں گے، جب کہ پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ 7 اے ٹی اے کبھی جرم ہوئے بغیر درج ہوئی؟ یہاں یہ آپ کو بتانا ہوگا کہ کون سی کلاشنکوف لی گئی؟ کونسی خود کش جیکٹ پہن کر حملہ ہوا۔

جج کے ریمارکس پر مدعی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عدالت آج دن 12 بجے تک کا وقت دے دیں تاکہ عمران خان کو پیش کریں، مؤکل کو کچھ ہوا تو آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز ذمہ دار ہونگے۔

جس پر جج کا کہنا تھا کہ عدالت نے ضمانت دی تو ان کا فرض تھا کہ آج پیش ہوتے۔ عدالت نے سماعت میں 12 بجے تک وفقہ کرتے ہوئے عمران خان کو آج ہی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو یکم ستمبر تک عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ سابق وزیرِ اعظم نے مذکورہ مقدمے میں ضمانت کے لیے پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

تاہم ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمران خان کو 25 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی تھی۔

25 اگست کو ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے سابق وزیراعظم نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیا تھا، جہاں مذکورہ عدالت نے عمران خان کی دہشت گردی کے مقدمے میں عبوری ضمانت یکم ستمبر تک منظور کرلی تھی۔

عمران خان کی متوقع پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلکس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ مرد اور خواتین پولیس، ایف سی اور رینجرز اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

پولیس کے دو ایس پیز سمیت پانچ سو سے زائد اہلکار آج ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

کسی بھی غیر متعلقہ افراد کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکام نے عدالت کے اطراف کی سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔ حفاظتی انتظامات کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جب کہ میڈیا کو داخلے کیلئے علیحدہ راستہ فراہم کیا گیا ہے۔

عمران خان کی کچھ دیر بعد آمد متوقع ہیں جن کے استقبال کے لیے درجنوں کارکن انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر جمع ہیں جب کہ پولیس اہلکار بھی الرٹ کھڑے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ مارگلہ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیوں کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مجسٹریٹ اسلام آباد علی جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کی گرفتاری کے خلاف عمران خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان نے تقریر میں پولیس افسران اور جج کو دھمکیاں دیں اور ڈرایا، عمران خان کی تقریر کا مقصد عدلیہ اوراعلیٰ حکام کادہشت زدہ کرنا تھا۔

متن میں یہ بھی لکھا تھا کہ دھمکیوں کا مقصد یہ تھا کہ عدلیہ اور حکام اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری نہ کریں، تقریر سے پولیس حکام عدلیہ اورعوام میں خوف وہراس پھیلایا گیا ہے، تقریر سے عوام میں بے چینی، بد امنی، دہشت پھیلی اور امن تباہ ہوا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button