فلم پردیس میں شاہ رخ اور ماہیما چوہدری کی کاسٹنگ کیوں کی گئی؟

(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر سبھاش گھئی کا کہنا ہے کہ ان کی فلم پردیس میں لیڈ رول کے لیے شاہ رخ خان بہترین انتخاب تھے۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور ماہیما چوہدری کی فلم پردیس اگست 1997 میں ریلیز ہوئی، جسے 25 برس مکمل ہوچکے ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سبھاش گھئی نے ماضی کی یادوں کو دہراتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کی کاسٹنگ کے دوران انہیں کافی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماہیما کی یہ پہلی بالی ووڈ فلم تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے تو انہوں نے پردیس کا اسکرپٹ مادھوری ڈکشٹ کو دیا، جنہوں نے اسے پسند بھی کیا، تاہم نئی اداکارہ ماہیما چوہدری نے بالآخر یہ رول حاصل کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ فلم کے تقسیم کار، کاسٹ کے لیے ماہیما اور اپوروا اگنی ہوتری کی جگہ بڑے نام والے اداکار چاہتے تھے۔ کاسٹنگ میں اس رکاوٹ پر کافی بحث ہوئی۔
فلم میں ارجن کے کردار کے لیے میرے ذہن میں شاہ رخ کا نام تھا جو اس وقت سپر سٹار نہیں بنے تھے۔ میں اپنے فیصلے پر اٹل رہا اور آج میں سمجھتا ہو کہ وہ اس کردار کے لیے بہترین ثابت ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’پردیس‘ کی اداکارہ ماہیما چوہدری چھاتی کے کینسر سے لڑ رہی ہیں۔
ماہیما چوہدری، جو 1997 کی کامیاب فلم ’پردیس‘ میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں جس میں اُنہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کی تھی، اُنہیں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
اس حوالے سے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماہیما چوہدری کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکارہ کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ دی۔
نوپم کھیر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ماہیما چوہدری کی ہمت اور کینسر کی کہانی، میں نے ماہیما چوہدری کو ایک ماہ قبل اپنی 525 ویں فلم ’دی سِگنیچر‘ میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے امریکا سے بلایا تھا، ملاقات میں ہماری گفتگو کا رُخ بدل گیا جب مجھے معلوم ہوا کہ اُنہیں چھاتی کا کینسر ہے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ماہیما چوہدری کی ہمت اور اُن کا رویہ پوری دنیا کی بہت سی خواتین کو اُمید دے گا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ماہیما ہیرو ہے، بہادر ہے، اُن کے لیے دُعائیں بھیجیں، وہ سیٹ پر واپس آ گئی ہیں لیکن اُنہیں پیار، محبت اور دُعاؤں کی ضرورت ہے۔‘
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینسر کے علاج کی وجہ سے ماہیما چوہدری کے سر پر بال نہیں ہیں اور وہ انوپم کھیر سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوئیں۔
واضح رہے کہ ماہیما چوہدری نے فلم پردیس، پیار کوئی کھیل نہیں، دیوانے، دھڑکن، باغبان، اوم جئے جگدیش، دل ہے تمہارا جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ آخری بار 2016 کی فلم ڈارک چاکلیٹ میں نظر آئی تھیں۔
ماہیما چوہدری فلموں سے دور ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں اور اپنی تصاویر اور روزمرہ کی روٹین سے اپنے مداحوں کو آگاہ رکھتی ہیں۔